Loading
بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے سوشل میڈیا انفلوئنسر سوویگیا شرما کو بھیجے جانے والے مبینہ قانونی نوٹس سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے۔
وکلا کے مطابق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی دستاویز مستند نہیں اور شاہ رخ خان نے نہ تو اس کی منظوری دی تھی اور نہ ہی کسی وکیل کو ان کی جانب سے نوٹس بھیجنے کی ہدایت کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں قائم قانونی فرم ہیرانی ایسوسی ایٹس شاہ رخ خان کی نمائندگی کرتی ہے۔ فرم نے انسٹاگرام پر وضاحتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اداکار نے مذکورہ قانونی نوٹس جاری کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ فرم کے مطابق شاہ رخ خان نے ہیرانی ایسوسی ایٹس سمیت کسی بھی وکیل کو ایسا نوٹس بھیجنے کا اختیار نہیں دیا۔
تنازع کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک مبینہ قانونی نوٹس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ اس دستاویز میں بھارتیہ نیائے سنہتا 2023 کی دفعہ 356 کا حوالہ دیا گیا تھا، جو ہتکِ عزت سے متعلق ہے۔ مبینہ نوٹس میں انفلوئنسر سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ وہ اپنی ویڈیو ریل حذف کریں، اپنے الزامات واپس لیں اور دو روز کے اندر تحریری طور پر اس بات کی تصدیق کریں کہ انہوں نے ہدایات پر عمل کرلیا ہے۔
تاہم سوویگیا شرما نے اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹنے سے انکار کردیا۔ انہوں نے ایک دوسری ویڈیو میں اپنے تبصروں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان کی باتیں منصفانہ تنقید کے زمرے میں آتی ہیں اور انہیں آزادی اظہار کے حق کے تحت اپنی رائے دینے کا اختیار حاصل ہے۔
تنازع کی وجہ کیا بنی؟
زیرِ بحث ویڈیو میں دو مختلف کلپس کو یکجا کیا گیا تھا۔ ایک حصے میں اننت امبانی کو روحانی رہنما سدگرو کے ساتھ گفتگو کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جب کہ دوسرے کلپ میں وہ شاہ رخ خان سے بات کررہے ہیں۔ انفلوئنسر نے ان دونوں مناظر کو اس انداز میں پیش کیا کہ جیسے اداکار کو خاموش رہنے کی ہدایت دی گئی ہو۔ اسی ویڈیو اور اس سے متعلق تبصروں کے بعد مبینہ قانونی نوٹس کا معاملہ سامنے آیا۔
ابتدائی بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سوویگیا شرما کو 48 گھنٹوں کے اندر پانچ مطالبات پورے کرنے اور ان پر عمل درآمد کی تحریری تصدیق دینے کا کہا گیا تھا۔ تاہم شاہ رخ خان کی قانونی ٹیم نے اب اس نوٹس کی صداقت ہی سے انکار کردیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل