Friday, November 27, 2026
 

بنکاک میں آئل تنصیب میں خوفناک دھماکا، 9 افراد زخمی

 



تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں تیل کی ایک بڑی تنصیب میں خوفناک دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد زخمی ہوگئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دھماکا جمعرات کو مشرقی بنکاک کے علاقے فرا خانونگ میں واقع تیل کی تنصیب میں ہوا۔ دھماکا اتنا شدید تھا کہ کئی کلومیٹر دور عمارتوں کے دروازے بھی لرز اٹھے، جبکہ جائے وقوع سے آگ کے بلند شعلے اور سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل آسمان کی طرف بلند ہوتے دکھائی دیے۔ تھائی لینڈ کے وزیر توانائی آکاناٹ پرومفان نے جائے وقوع کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ اس لیے تشویش ناک تھا کہ تنصیب کے وسیع علاقے کے اردگرد رہائشی آبادیاں بھی موجود ہیں۔ ان کے مطابق ابتدائی معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آگ ڈسٹلیشن ٹاور میں لگی، جو تیل کے ذخیرے سے کم از کم 100 میٹر دور واقع تھا، جس کے باعث نقصان محدود رہا۔ تنصیب چلانے والی کمپنی بنچاک کارپوریشن نے بتایا کہ دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورت حال پر تقریباً 30 منٹ میں قابو پالیا گیا۔ کمپنی کے مطابق واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ریفائنری کے اطراف فضائی معیار کی نگرانی میں آلودگی کی سطح معمول کے مطابق پائی گئی ہے۔ وزیر توانائی کے مطابق حکام نے تنصیب کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں کاربن مونو آکسائیڈ، سلفر ڈائی آکسائیڈ اور دیگر آلودہ مادوں کی جانچ کی، تاہم کسی غیر معمولی سطح کی نشاندہی نہیں ہوئی۔ اس کے باوجود وزارت توانائی نے پلانٹ کی پیداوار عارضی طور پر معطل کردی ہے، جسے حفاظتی اطمینان کے بعد بحال کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق احتیاطی تدبیر کے طور پر قریبی اسکولوں کے طلبہ کو باہر نکال لیا گیا، جبکہ رہائشیوں کو بھی علاقہ خالی کرنے کی ہدایت کی گئی۔ بنکاک کی شہری انتظامیہ کے زیرانتظام ایراوان ایمرجنسی میڈیکل سینٹر نے تصدیق کی کہ واقعے میں 9 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 3 کی حالت تشویشناک ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل