Loading
سری لنکا میں ایک خاتون کے قتل کے الزام میں مطلوب شخص فرار ہونے کی کوشش کے دوران جنگلی ہاتھی سے ٹکرا گیا، جس کے بعد پولیس نے اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 49 سالہ شخص پر سری لنکا کے شمالی ضلع انورادھا پورہ میں ایک خاتون کو ان کے گھر میں چاقو کے وار کرکے قتل کرنے کا الزام ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم واقعے کے بعد اسکوٹر پر فرار ہو رہا تھا کہ کچھ فاصلے پر جنگل سے اچانک سڑک پر آنے والے ہاتھی سے اس کی ٹکر ہوگئی۔
عینی شاہدین نے پولیس کو بتایا کہ ہاتھی بظاہر محفوظ رہا اور ٹکر کے بعد واپس جنگل میں چلا گیا، جبکہ ملزم زخمی ہوگیا۔
پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اسپتال منتقل کردیا ہے جہاں مسلح اہلکاروں کی نگرانی میں اس کا علاج جاری ہے۔ حکام کے مطابق واقعے میں استعمال ہونے والا مشتبہ قتل کا ہتھیار بھی برآمد کرلیا گیا ہے۔
سری لنکا میں انسانوں اور ہاتھیوں کا آمنا سامنا نسبتاً عام ہے، کیونکہ آبادیوں اور زرعی زمینوں کے پھیلاؤ کے باعث انسانی آبادیاں اکثر جنگلی جانوروں کی قدرتی رہائش گاہوں کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پانچ برس کے دوران سری لنکا میں ہر سال اوسطاً 400 ہاتھی اور 150 انسان ہلاک ہوئے ہیں۔
سری لنکا میں تقریباً 7 ہزار جنگلی ہاتھی موجود ہیں۔ ہاتھیوں کو قومی ورثہ تصور کیا جاتا ہے اور قانون کے تحت ان کا تحفظ کیا جاتا ہے، تاہم دور دراز دیہات کے رہائشی بعض اوقات فصلوں کو نقصان پہنچانے والے ہاتھیوں پر حملے بھی کرتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل