Loading
برطانوی پولیس نے بتایا ہے کہ تین افراد کو ایک نوجوان خاتون کو برطانیہ سے پاکستان لے جا کر زبردستی شادی کرانے کے جرم میں مجرم قرار دے دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون ذہنی و دیگر کمزوریوں کے باعث شادی کے لیے رضامندی دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں۔
ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے مطابق یہ برطانیہ میں اپنی نوعیت کا پہلا مقدمہ ہے جس میں متاثرہ خاتون کو شادی کے لیے رضامندی دینے کی قانونی صلاحیت نہ رکھنے کی بنیاد پر زبردستی شادی کے جرم میں سزا کا مستحق قرار دیا گیا ہے۔
پولیس کے بیان کے مطابق برمنگھم سے تعلق رکھنے والے محمد بشیر، خاتون بی اور مبین اختر نے 2024 کے موسم خزاں میں ایک انتہائی کمزور اور غیر محفوظ نوجوان خاتون کا فائدہ اٹھایا اور انہیں شادی کے لیے پاکستان لے گئے۔
پولیس کو نومبر 2024 کے آغاز میں خاتون کے استحصال کی اطلاع ملی، جس کے بعد فوری تحقیقات شروع کردی گئیں۔ تفتیش کاروں کو معلوم ہوا کہ اس معاملے میں ملوث افراد چند روز میں برطانیہ واپس آنے والے ہیں۔
پولیس نے 7 نومبر 2024 کو برمنگھم ایئرپورٹ پر تینوں افراد کو زبردستی شادی کے شبہے میں حراست میں لے لیا۔ اس دوران خاتون کو بھی تحفظ فراہم کیا گیا۔ پولیس کے مطابق ان سے بات چیت کے بعد معلوم ہوا کہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ ان کا استحصال کیا گیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کی ڈپٹی سینئر افسر منڈی ماہل نے کہا کہ تینوں افراد نے ایک انتہائی غیر محفوظ نوجوان خاتون کا فائدہ اٹھایا اور انہیں شادی کے لیے برمنگھم سے پاکستان لے گئے۔ ان کے مطابق ابتدا ہی میں واضح ہوگیا تھا کہ خاتون استحصال کا شکار ہیں اور شادی کے لیے رضامندی دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی تھیں۔
پولیس افسر نے کہا کہ تحقیقات کے دوران خاتون کی حفاظت اور فلاح کو اولین ترجیح دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی شخص کو اس کی رضامندی کے بغیر شادی پر مجبور کرنا بدسلوکی اور جبر ہے، اور پولیس ایسے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی جاری رکھے گی۔
برمنگھم کراؤن کورٹ میں مقدمے کی سماعت کے بعد 55 سالہ محمد بشیر، 55 سالہ خاتون بی اور 38 سالہ مبین اختر کو جرم کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں کو سزا بعد کی تاریخ میں سنائی جائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل