Saturday, November 28, 2026
 

حسین نقی، ایک شخصیت، ایک عہد

 



پاکستان کی صحافت اور سیاسی تاریخ میں بعض نام ایسے ہیں جنھیں محض ان کے پیشے یا عہدے کے حوالے سے یاد نہیں کیا جا سکتا۔ ان کی اصل پہچان ان کے نظریات، کردار، جدوجہد اور ان اصولوں سے ہوتی ہے جن پر وہ تمام عمر قائم رہتے ہیں۔ حسین نقی بھی ایسی ہی شخصیت تھے، وہ صرف ایک صحافی نہیں تھے بلکہ ایک فکری روایت، ایک سیاسی عہد اور انسانی وقار کے لیے مسلسل جدوجہد کرنے والے انسان تھے۔ میں اسے اپنی خوش نصیبی سمجھتی ہوں کہ زندگی نے مجھے ان سے ملاقات کے کئی مواقع دیے۔ان کی یاد میرے لیے چند خوبصورت ملاقاتوں کا سرمایہ ہی نہیں بلکہ ایک ایسے عہد کی خوشبو بھی ہے جس میں لفظ کی حرمت اور سوچ کی آزادی کو بڑی اہمیت حاصل تھی۔ آج جب ماضی کے ان لمحوں کو یاد کرتی ہوں تو دل یہ سوچ کر سرشار ہے کہ مجھے ان سے ملنے، انھیں جاننے اور ان کی شخصیت کے بعض خوب صورت پہلوؤں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملا۔ ان کی زندگی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ صحافت محض خبر دینے کا نام نہیں بلکہ سماج کے سامنے سچ رکھنے، طاقتور سے سوال کرنے اور ان لوگوں کی آواز بننے کا نام ہے جن کی آواز اکثر طاقت کے ایوانوں میں دب جاتی ہے۔ حسین نقی کی شخصیت کو سمجھنے کے لیے ان کے طالب علمی کے زمانے اور سیاسی جدوجہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ کراچی یونیورسٹی کی طلبہ سیاست اور نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن سے وابستگی نے ان کے سیاسی شعور کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ وہ اس نسل سے تعلق رکھتے تھے جس کے نزدیک سیاست محض اقتدار کے حصول کا ذریعہ نہیں بلکہ سماجی تبدیلی، مساوات اور انسانی آزادی کی جدوجہد تھی۔ ان کے لیے جمہوریت کا مطلب صرف انتخابات کا انعقاد نہیں تھا بلکہ عام انسان کو اپنی زندگی کے فیصلوں میں شریک کرنے کا نام تھا۔ کراچی یونیورسٹی کی طلبہ یونین کے صدر کی حیثیت سے ان کا کردار ان کی اصول پسندی کی ایک غیر معمولی مثال ہے۔ تین بلوچ طلبہ کو جامعہ سے خارج کیے جانے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے انھوں نے ان طلبہ کی جگہ خود تین برس کی معطلی قبول کی۔ یہ واقعہ محض طلبہ سیاست کی تاریخ کا ایک باب نہیں بلکہ اجتماعی ذمے داری اور اصولی سیاست کی ایک روشن مثال ہے۔ آج جب سیاسی زندگی میں ذاتی مفادات اور عہدوں کی خواہش غالب دکھائی دیتی ہے، حسین نقی کا یہ کردار یاد دلاتا ہے کہ قیادت کا اصل مفہوم دوسروں کے حقوق کے لیے ڈٹ جانا ہے۔ ایوب خان کے دورِ آمریت میں ان کی مزاحمت، گرفتاریوں اور سیاسی مشکلات نے ان کے نظریات کو مزید پختگی عطا کی۔ انھوں نے اپنے زمانے کی سیاسی پابندیوں اور ریاستی دباؤ کے باوجود اختلاف اور سوال کرنے کا حق نہیں چھوڑا۔ ان کا یقین تھا کہ ریاست کا احترام اپنی جگہ لیکن ریاستی طاقت کو تنقید اور احتساب سے بالاتر نہیں ہونا چاہیے۔ یہی وہ بنیادی اصول ہے جس پر کسی بھی جمہوری سماج کی بنیاد قائم ہوتی ہے۔ صحافت کے میدان میں حسین نقی کا سفر بھی ان کے سیاسی اور فکری کردار کا تسلسل تھا۔ پاکستان کے مختلف صحافتی اداروں تک ان کی وابستگی اس بات کا اظہار تھی کہ وہ صحافت کو محض روزگار نہیں بلکہ سماجی ذمے داری سمجھتے تھے۔ حسین نقی کی صحافت کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ وہ آزادی صحافت کو صرف اخبار کے صفحات پر لکھی جانے والی تحریروں تک محدود نہیں سمجھتے تھے۔ ان کے نزدیک صحافی کی معاشی آزادی، ملازمت کا تحفظ، مناسب تنخواہ اور باعزت پیشہ ورانہ ماحول بھی آزادی صحافت کے بنیادی تقاضے تھے۔ وہ سمجھتے تھے کہ جو صحافی معاشی دباؤ اور ملازمت چھن جانے کے خوف میں مبتلا ہو، اس کے لیے پوری آزادی کے ساتھ سچ لکھنا مشکل ہو جاتا ہے۔ اسی سوچ کے تحت انھوں نے صحافیوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھائی۔ خواتین صحافیوں کی مساوی نمائندگی اور رات گئے کام کرنے والی خواتین کے لیے محفوظ سفری سہولتوں کا مطالبہ ان کے وسیع سماجی شعور کی عکاسی کرتا ہے۔ وہ جانتے تھے کہ کسی ادارے کی ترقی کا پیمانہ صرف اس کی اشاعت یا آمدنی نہیں بلکہ وہاں کام کرنے والے افراد کے حقوق تحفظ اور مساوی مواقع بھی ہیں۔ ان کی شخصیت کا ایک قابل ذکر پہلو علاقائی زبانوں کے فروغ کا جذبہ تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ زبان محض اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ تہذیب، تاریخ اور اجتماعی شناخت کی امین ہوتی ہے۔ پاکستان جیسے کثیراللسانی سماج میں علاقائی زبانوں کو ان کا جائز مقام دینا قومی یکجہتی اور جمہوری شعور کے لیے بھی اہم ہے۔ انسانی حقوق کے لیے ان کی جدوجہد بھی ان کی زندگی کا بنیادی حوالہ ہے۔ HRCP کے ساتھ ان کی طویل وابستگی اس بات کا ثبوت تھی کہ ان کے نزدیک انسانی حقوق کسی ایک سیاسی جماعت، طبقے، زبان یا نظریے کا معاملہ نہیں تھا، یہ ہر انسان کا بنیادی حق ہے چاہے وہ مزدور ہو، کسان ہو، طالب علم ہو، عورت ہو، اقلیت سے تعلق رکھتا ہو یا ریاستی جبر کا شکار کوئی بے اختیار شہری، اس کے حقوق کا تحفظ سماج کی اجتماعی ذمے داری ہے۔ ان کا جمہوریت کا تصور بھی خاصا وسیع تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ حقیقی جمہوریت صرف پارلیمان، انتخابات اور حکومتوں کی تبدیلی سے مکمل نہیں ہوتی۔ اس کے لیے سیاسی جماعتوں کے اندر جمہوری رویے، مضبوط بلدیاتی نظام، شہری آزادی اور فیصلہ سازی میں عوام کی حقیقی شرکت ضروری ہے، جب تک عام آدمی کو اپنے علاقے، اپنے وسائل اور اپنے اجتماعی معاملات پر اختیار حاصل نہیں ہوگا جمہوریت کا تصور ادھورا رہے گا۔ ان کی شخصیت کا ایک اور روشن پہلو نئی نسل کے صحافیوں کی رہنمائی تھا۔ وہ نوجوان صحافیوں کو محض خبر نویسی کے فنی تقاضے نہیں سمجھاتے تھے بلکہ انھیں صحافت کی اخلاقی ذمے داری کا احساس بھی دلاتے تھے۔ ان کا خیال تھا کہ صحافی کو اپنے قلم کی طاقت کا اندازہ ہونا چاہیے اور اسے یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ اس کی خاموشی بعض اوقات ناانصافی کو مزید مضبوط کر سکتی ہے۔ ان کی خودنوشت ’’مجھ سے جو ہو سکا‘‘ بھی ایک فرد کی زندگی سے آگے بڑھ کر پاکستان کی سیاسی، صحافتی اور جمہوری تاریخ کو سمجھنے کا اہم حوالہ ہے۔ آج پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے، ان میں صحافت کی آزادی، سیاسی عدم برداشت، معاشی ناہمواری، انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور عام شہری کی بے اختیاری نمایاں ہیں۔ ایسے حالات میں حسین نقی کی زندگی اور جدوجہد کو یاد کرنا محض ماضی کی کسی شخصیت کو خراجِ عقیدت پیش کرنا نہیں بلکہ اپنے حال کا جائزہ لینا بھی ہے۔ ہمیں خود سے پوچھنا چاہیے کہ کیا ہماری صحافت کمزور اور بے آواز انسانوں کے مسائل کو وہی اہمیت دیتی ہے جس کی وہ مستحق ہیں، کیا ہمارے سیاسی اداروں میں اختلاف رائے کے لیے گنجائش موجود ہے، کیا ایک مزدور ،کسان، عورت اور طالب علم کو واقعی مساوی حقوق اور عزت حاصل ہے۔ ان کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ اصولوں پر قائم رہنے کے لیے غیرمعمولی حالات کا انتظار نہیں کرنا چاہیے۔ انسان اپنے روزمرہ فیصلوں، اپنے پیشہ ورانہ کردار، اپنی تحریر اور اپنے رویے سے بھی مزاحمت کر سکتا ہے۔ سچ کا ساتھ دینا، ناانصافی پر خاموش نہ رہنا اور کمزور انسان کے حق میں آواز بلند کرنا ہی وہ اقدار ہیں جو کسی سماج کو زندہ رکھتی ہیں۔ کسی انسان کی اصل کامیابی اس کی زندگی میں حاصل کیے گئے عہدوں، اعزازات یا شہرت سے نہیں بلکہ اس اثر سے متعین ہوتی ہے جو وہ اپنے بعد آنے والی نسلوں کے ذہنوں اور ضمیر پر چھوڑ جاتا ہے۔ حسین نقی کی زندگی اسی معنویت کی حامل تھی۔ انھوں نے ہمیں بتایا کہ صحافت کا قلم طاقتور کے دربار کی زینت بننے کے لیے نہیں بلکہ مظلوم کی آواز بننے کے لیے ہے۔ ان کو یاد کرنے کا حقیقی طریقہ ان کی تعریف میں چند خوب صورت جملے لکھ دینا نہیں بلکہ ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنانا ہے جن کے لیے انھوں نے جدوجہد کی۔ ان کا نام ہمیں یاد دلاتا رہے گا کہ اختلاف جرم نہیں، سوال بغاوت نہیں اور انسانی حقوق کسی ریاست یا حکومت کی عطا نہیں بلکہ انسان کا بنیادی حق ہیں۔ ان جیسے لوگ اپنی زندگی میں شاید ہر خواب کو حقیقت میں تبدیل نہیں کر پاتے لیکن وہ آنے والی نسلوں کے لیے راستے ضرور روشن کر جاتے ہیں۔ ان کی زندگی کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے کہ وقت کتنا ہی مشکل کیوں نہ ہو سچ، آزادی، انصاف اور انسانی وقار کے ساتھ کھڑے رہنے کا عہد نہیں ٹوٹنا چاہیے۔ وہ ایک ایسے عہد کی علامت تھے جس میں صحافت ضمیر کی آواز تھی، سیاست اجتماعی بھلائی کا نام تھی اور انسان کی عزت ہر مصلحت سے مقدم تھی۔ ایسے لوگ رخصت ہو جاتے ہیں مگر ان کے چھوڑے ہوئے سوال، اصول اور خواب سماج کے اجتماعی حافظے میں زندہ رہتے ہیں۔ ظلمت کو ضیا، صرصر کو صبا، بندے کو خدا کیا لکھنا پتھر کو گہر، دیوار کو در، کرگس کو ہما کیا لکھنا حبیب جالب کا یہ شعر لگتا ہے گویا حسین نقی کے لیے کہا گیا ہو۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل