Saturday, November 28, 2026
 

چھوٹے کاروبار اور معاشی ترقی

 



پاکستان کی معیشت کی سست روی کی وجوہات کثیرالجہتی ہیں، معاشی منیجرز کو ان وجوہات کے بارے میں یقینا آگاہی ہے، اس کے باوجود معیشت اگر سست روی کا شکار ہے تو اسے نااہلی اور کم فہمی سے تعبیر کیا جا سکتا ہے یا یہ کہا جا سکتا ہے کہ ملک کا معاشی اور انتظامی ڈھانچہ ہی ایسا ہے جس کے قواعد وضوابط ترقی کی راہ میں حائل ہو جاتے ہیں۔ یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ معیشت کی ترقی اور کاروباری سرگرمیوں میں وسعت اور تیزی لانے کے لیے مڈل کلاس کا پھیلنا انتہائی ضروری ہے۔ 1980ء تک بھارت میں مڈل کلاس کا حجم خاصا محدود تھا۔ بھارت کی آبادی بہت زیادہ تھی لیکن اس آبادی کی پرچیزنگ پاور کم تھی جس کی وجہ سے اتنا بڑا ملک ہونے کے باوجود یہ ایک چھوٹی مارکیٹ سمجھی جاتی تھی لیکن آج بھارت ان ممالک میں شامل ہے جو بڑی اور خوشحال مڈل کلاس رکھتے ہیں۔ اس کی وجہ سے آج بھارت میں کاروباری سرگرمیاں تیز ہیں، عوام کی قوت خرید زیادہ ہے، اس لیے غیرملکی کمپنیاں دھڑادھڑ بھارت کا رخ کر رہی ہیں تاکہ وہاں کی مڈل کلاس تک اپروچ کر سکیں۔ اس کے مقابلے میں پاکستان کی مڈل کلاس کی نشوونما کی رفتار کم ہے۔ پاکستان میں پنجاب اور سندھ میں کراچی کے سوا دیگر صوبوں میں مڈل کلاس کا حجم نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں وسائل ہونے کے باوجود کاروباری سرگرمیاں انتہائی محدود ہیں، شہری آبادیاں مختصر ہیں۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے جمعہ کے روز ایس ایم ایز کے شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا، ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے۔ وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے ایس ایم ایز جن کا پاکستان سنگل ونڈو میں برآمدی ڈیٹا موجود ہے یا جو ایکسیم انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، ا ن کو قرضوں کی فراہمی کے لیے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بینکوں نے جون 2028 تک ایس ایم ایز کو 2 ہزار ارب روپے کے قرضوں کی فراہمی اور قرض لینے والے ایس ایم ایز کی تعداد 7لاکھ 75ہزار تک بڑھانے کا ہدف حاصل کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ (پی سی ایس آئی آر)کے امور سے متعلق اجلاس بھی ہوا جس میں وزیراعظم نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پی سی ایس آئی آر ملک میں برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے فروغ اور برآمدات میں اضافے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی سی ایس آئی آر کی تمام لیبارٹریز بین الاقوامی معیار کے مطابق ایکریڈیٹیشن حاصل کریں تاکہ پاکستانی برآمدی مصنوعات کے لیے عالمی معیارات کے مطابق سرٹیفکیشن اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ توثیق کے عمل کو سہل بنایا جا سکے۔ چھوٹے کاروباروں کی ترقی کے لیے وفاقی حکومت کے اقدامات کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں کو بھی معیشت کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ صوبوں کے پاس بے پناہ وسائل ہیں۔ اگر صوبائی حکومتیں بھی کاروباری سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے مناسب حکمت عملی اختیار کریں تو معاشی سرگرمیوں میں تیزی لائی جا سکتی ہے۔ صوبائی حکومتیں ترقیاتی کاموں میں جتنی زیادہ سرمایہ کاری کریں گی، اتنی ہی زیادہ کاروباری سرگرمیاں تیز ہوں گی۔ اس حوالے سے سیاسی قیادت اور صوبائی حکومتوں کی قیادت کو بھی خوداحتسابی کے عمل سے گزرنا چاہیے۔ ایک اخباری رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں سخاکوٹ اور درگئی کے صنعتی یونٹس،فیکٹریوں کو 1120 ارب روپے کے خام مال میں چار سو ارب روپے ٹیکس چوری اور سنگین بے ضابطگیوں کے حوالے سے زمینی حقائق کا جائزہ لینے کے لیے سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے داخلہ کی ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سینٹر سیف اللہ ابڑو،سینٹر طلحہ محمود اور سینٹر عمر فارق نے متعلقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اخباری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سینٹر سیف اللہ ابڑو،سینیٹر طلحہ محمودسینیٹر عمر فاروق پر مشتمل تین رکنی کمیٹی نے ایف آئی اے اور ایف بی آر حکام کے ساتھ سخاکوٹ اور درگئی میں واقع مختلف صنعتی یونٹس، خصوصاً گھی ملوں،اسٹیل ملز اور چائے کے کارخانوں کا ہنگامی دورہ اور معائنہ کیا۔ یہ دورہ فاٹا اور پاٹا (ٹیکس سے مستثنیٰ علاقوں) کی اسکیم (2018 تا 2026) کے تحت درآمد کیے جانے والے خام مال میں مبینہ طور پر 400 ارب روپے کی خطیر ٹیکس چوری کی تحقیقات کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔ معائنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹ کے ذیلی کمیٹی کے کنوینئر سیف اللہ ابڑو نے انکشاف کیا کہ ٹیکس استثنیٰ کے نام پر ملک کے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا اور اس تمام معاملے میں ایف بی آر کے اعلیٰ افسران کی مجرمانہ غفلت اور ملی بھگت سامنے آئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ 1120 ارب روپے مالیت کے درآمد شدہ خام مال میں سے صرف 389 ارب روپے کا ریکارڈ مل سکا، جس کے عوض ایف بی آر نے 85 ارب روپے کے پے آرڈرز ریلیز کیے،جب کہ 731 ارب روپے مالیت کے مٹیریل کا کوئی ریکارڈ ایف بی آر کے پاس موجود ہی نہیں۔ جن فیکٹریوں کا ماہانہ کوٹہ 4 ہزار سے 5 ہزار ٹن ہے، وہاں موقع پر دو ٹرکوں کا مال بھی موجود نہیں تھا۔کمیٹی کے دورے سے قبل محض دکھاوے کے لیے چند ڈبے سجا کر رکھے گئے تھے اور مشینیں عین وقت پر چلائی گئیں۔ ایس آر او 2021 کے مطابق ایف بی آر کو کنزمپشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے سے قبل فیکٹری کی پیداواری صلاحیت اور خریدار کے بینک ریکارڈ کی تصدیق کرنی ہوتی ہے، جو بالکل نہیں کی گئی اور کراس چیکنگ کے بغیر جعلی کمپنیوں کے نام پر ٹیکس چھوٹ حاصل کر کے مال ملک کے دیگر شہروں میں فروخت کیا گیا۔ کمیٹی کے دورے سے قبل ایف بی آر چیٔرمین نے دو افسران کمشنر فوزیہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر ہارون خٹک کو معطل کیاہے، تاہم یہ نچلے درجے کے افسران ہیں اور اصل ذمے داران کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ کمیٹی نے ایف آئی اے کو ملوث افسران کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ہدایت بھی کر دی۔ انھوں نے اعلان کیا کہ کمیٹی وزیراعظم پاکستان کو باضابطہ خط لکھے گی۔ علاوہ ازیں، معائنے کے دوران یہ بھی دیکھا گیا کہ فیکٹریوں میں انتہائی ناقص اور غیر معیاری گھی تیار کیا جا رہا تھا، جس پر کمیٹی نے سخت برہمی کا اظہار کیا۔ آیندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے سینیٹر سیف اللہ ابڑو نے واضح کیا کہ کمیٹی اس میگا اسکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچائے گی۔ پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں کمیٹی کا اہم اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں چیئرمین ایف بی آر کو طلب کیا گیا ہے۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی خزانے سے لوٹے گئے سیکڑوں ارب روپے کے ٹیکس واپس لینے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ پاکستان میں ٹیکس سسٹم کی اصلاح کے لیے بہت زیادہ کوششیں کی گئی ہیں۔ موجودہ حکومت نے بھی اس حوالے سے بہت زیادہ کام کیا ہے لیکن ابھی تک بہت سے مسائل موجود ہیں۔ درگئی اور سخاکوٹ ایک مثال ہے۔ اگر پورے ملک میں غیرجانبدارانہ سروے کیے جائیں اور جائزہ رپورٹ تیار کی جائے تو پتہ چلے گا کہ پاکستان کی سرکاری مشینری کس قدر زنگ آلود ہے اور اس مشینری کے احتساب کا نظام کس قدر کمزور ہے۔ پاکستان کے ٹیکس سسٹم کا اندازہ یوں لگائیں کہ جو طبقے پہلے ہی ٹیکس نیٹ میں موجود ہیں، محکمہ ٹیکس کے افسروں اور ملازمین کا سارا زور اور اختیارات انھی طبقات پر استعمال ہوتا ہے۔ اب بھی جو ٹیکس ریٹرنز لیٹ جمع ہوئی ہیں، ان کا اسٹیٹس نان فائلر کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے تاحال کوئی اپ ڈیٹ نہیں کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ لوگ جو پہلے ہی فائلر ہیں لیکن ان کا اسٹیٹس نان فائلر کر دیا گیا ہے، انھیں بینک ٹرانزیشن پر ٹیکس ادا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے فوری اپ ڈیٹ ہونا چاہیے تھا لیکن جو نہیں ہوا۔ ہونا تو یہ چاہیے کہ محکمہ ٹیکس ان لوگوں پر اور ان طبقات پر زیادہ زور لگائے اور زیادہ تحقیقات کرے، جو ٹیکس نیٹ سے باہر ہیں اور اربوں روپے کے مالک ہیں۔ اسمگلنگ کی روک تھام کرنے کے حوالے سے بھی متعلقہ بیوروکریسی کا کردار سب کے سامنے ہے۔ جب تک بیوروکریسی کو درست نہیں کیا جاتا اور ان کے احتساب کا سادہ اور شفاف میکنزم نہیں بنایا جاتا، اعلیٰ بیوروکریسی پوری تندہی سے کبھی کام نہیں کرے گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل