Saturday, November 28, 2026
 

قومی حکومت یا متبادل بندوبست

 



پاکستان کی سیاست کا کھیل بدستور پیچیدہ ہے۔تمام تر کوششوں کے باوجود ہم ملک میں سیاسی اور جمہوری استحکام پیدا نہیں کرسکے اور اس کی بنیاد پر ہمارے داخلی مسائل کی نوعیت بھی سنگین ہے۔ اگرچہ حکمران طبقہ کا دعوی ہے کہ نظام حکومت سب اچھا چل رہا ہے لیکن یہ جو اس وقت حالات ہیں وہ ایک بے ترتیبی نظام پر مبنی ہے۔اسی بنیاد پر نہ صرف سیاست بلکہ جمہوریت،معیشت،سیکیورٹی ،گورننس اور ادارہ جاتی نظام کی سطح پر بھی مسائل درپیش ہیں۔ یہ بحث سیاسی حلقوں تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ تمام طبقات میں سننے کو مل رہی ہے۔اس میں ایک بحث تو 28ویں ترمیم یا نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ کی تشکیل،این ایف سی ایورڈکے نئے فارمولے اور18ویں ترمیم میں بنیادی نوعیت کی تبدیلیوں کے حوالے سے جاری ہے۔ ریفرنڈم پر بھی قیاس آرائیاں، بیانات اور مباحث جاری ہیں، اور مختلف مشورے دیے جارہے ہیں۔ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ان تمام معاملات پر کس حتمی پوزیشن کے ساتھ سامنے آتی ہے اور یہ ان کی پوزیشن موجودہ سیاسی بندوبست کے مستقبل کا تعین بھی کرے گی۔ ایک نئی بحث قومی مسائل کے حل میں قومی حکومت کی سامنے آرہی ہے۔پہلی بات تو یہ ہے کہ قومی حکومت کیسے بنے گی اور کون اس کی تشکیل کرے گا یا کون لوگ اس کا حصہ بنیں گے یا اس قومی حکومت کی سیاسی اور قانونی ساکھ کیا ہوگی۔ کیونکہ اس وقت بھی مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم،مسلم لیگ ق حکومتی گیم کا حصہ ہیں۔اگر آپ قومی حکومت کی تشکیل میں جے یو آئی ،پی ٹی آئی ،جماعت اسلامی ،پختون خواہ ملی عوامی پارٹی، ایم ڈبلیو ایم کو بھی حصہ بنالیں تو اس سے کیا فرق پڑسکتا ہے۔ کیونکہ قومی حکومت کی سربراہی کون کرے گا اور اس قومی حکومت کا ایجنڈا یا مدت کتنی ہوگی اس پر بھی تضاد سامنے آسکتے ہیں۔ایک تجویز یہ دی جارہی ہے کہ قومی حکومت سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہوگی اور اگر ایسا ہوتا ہے تو اس میں کسی بھی صورت میں اتفاق رائے کی سیاست پیدا نہیں ہوسکے گی اور اس قومی حکومت کے داخلی تضادات اور ٹکراو کی وجہ سے ریاست اور سیاست سمیت حکمرانی کے نظام سے جڑے مسائل اور زیادہ الجھ جائیں گے۔ اسی طرح کیا یہ ممکن ہوسکے گا، قومی حکومت کی تشکیل میں ساری جماعتوں کی قیادت کو اعتماد میں لیا جائے گا اور اگر ایسا ہوتا ہے تو ایک بڑی تبدیلی کیسے ممکن ہوسکے گی کیونکہ ان میں سے جو بیشتر جماعتیں ہیں وہ خود تبدیلی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔ سیاسی جماعتوں کی قیادت قومی حکومت کی کڑوی گولی اسی صورت میں قبول کریں گے جب ان کے اپنے سیاسی اور ذاتی مفادات کو تقویت مل سکے۔اس لیے جو لوگ قومی حکومت کی بنیاد پر نظام میں اصلاح کو تلاش کرنے کی کوشش کررہے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں وہ بڑی غلط فہمی کا شکار ہیں۔ جیسے ہمارے ہاں اتحادی جماعتوں پر مشتمل حکمرانی کا داخلی تضاد کا شکار رہتا ہے اور حکومت میں شامل اتحادی جماعتیں حکومت کا بوجھ اٹھانے کے لیے تیار نہیں ہوتیں اور نہ ہی حکومت کی ناکامیوں کے ساتھ خود کو کھڑا کرتی ہیں۔ اسی طرح ایک بحث یہ بھی سننے کو مل رہی ہے کہ موجودہ بڑی سیاسی جماعتوں کے مقابلے میں ایک نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کے فارمولہ کو سامنے لایا جائے تاکہ جیسے نظام کو آگے بڑھانا ہے اس میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ اس جماعت کو اگلے عام انتخابات سے پہلے سیاسی میدان میں اترنے کے لیے تیار کیا جائے تاکہ اس عمل سے مطلوبہ نتائج مل سکیں۔یہ تجربہ بھی پاکستان کی سطح پر پہلی دفعہ نہیں ہوگا۔ماضی کی سیاسی تاریخ اس کھیل پر مبنی ہے۔اس کھیل کی بنیاد پر پہلے سے موجود مختلف جماعتوں کے لوگوں کو مخصوص جماعت میں شامل کرکے اسے سرکاری جماعت کا درجہ دیا جاتا ہے۔ پاکستان میں ایک خاص منصوبہ کے تحت سیاسی جماعتوں کے اندر توڑ پھوڑ اور ان کے مقابلے میں نئی جماعتوں کی تشکیل نے ملک کے سیاسی اور جمہوری نظام کو کمزور کیا اور ہم آج بھی کمزور جمہوری نظام کی بنیاد ملکی نظام کو چلانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اسی طرح یہاں انتخاب لڑنے والے بیشتر سیاست دان یا ارکان اسمبلی بھی ایسے ملیں گے جو اپنے سیاسی فیصلے کرتے وقت سیاسی ہواوں کا رخ دیکھتے ہیںاور اسی بنیاد پر اپنے فیصلے کرتے ہیں۔کہا جارہا کہ اس کھیل کی بنیاد اس نقطہ پر بنائی جارہی ہے کہ پہلے سے موجود بڑی جماعتیں وہ کچھ کھل کر کرنے کے لیے تیار نہیں جو ان سے توقع کی جارہی ہے۔ اسی بنیاد پر سیاست کے میدان میں ایک نئے سیاسی ایڈونچر کا کھیل سجانے کا بھی منصوبہ ہے۔یقینی طور پر اگر ایسا کھیل سامنے آتا ہے تو یہ طاقت ور حلقوں کی حمایت کے بغیر ممکن نہیں اور نہ یہاں ایک بڑی سیاسی جماعت کی تشکیل پر مبنی مہم جوئی آسان نہیں بلکہ ناممکن ہوتی ہے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو فطری امر ہوگا کہ اس کھیل پر بڑی سیاسی جماعتوں کی مزاحمت بھی دیکھنے کو ملے گی اور ٹکراو بھی پیدا ہوگا۔اس لیے اس کھیل کو سجانے سے پہلے ہمیں اس پر غور کرنا ہوگا کہ ہمارا یہ عمل کیسے ملک میں سیاسی استحکام پیدا کرسکے گا۔اسی طرح جب ملک میں ری سیٹنگ کی بحث ہورہی ہے تو ہمیں زیادہ سنجیدگی سے ان تمام پہلووں کو سوچنا ہوگا کہ یہ سب کچھ ٹکراو کی سیاست کے مقابلے میں افہام و تفہیم سے حل ہواور مزید کسی بڑی سیاسی تقسیم کا سبب نہ بنیں۔ بظاہر ایسے لگتا ہے کہ ہم اپنے نظام کو ایک تسلسل اور سیاسی، جمہوری،آئینی اور قانونی فریم ورک میں چلانے کے لیے تیار نہیں اور ہر چند برس بعد ہم نئے سیاسی کھیل کے دربار کو سجاتے ہیں اور اس بنیاد پر ملکی سیاست عدم استحکام سے دوچار ہوتا ہے۔ اس لیے اس عمل سے ہمیں باہر نکلنا ہوگا اور جدید جمہوری معاشروں کی بنیاد پر آگے بڑھنا ہوگا۔جب تک اس ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی یا اس کی بالادستی نہیں ہوگی ہمارا مجموعی نظام ہمیشہ ٹھوٹ پھوٹ کا شکار ہی رہے گا۔ اس وقت اگر ہم نے موجودہ سیاسی بحران سے نکلنا ہے تو اس کا واحد حل نئے منصفانہ اور شفاف انتخابات ہیں اور ان میں کسی بھی سطح پرکسی بھی قسم کی مداخلت نہیں ہونی چاہیے۔ انتخابات کا سازگار ماحول پیدا کرنا اور سب کے لیے سیاسی اور انتخابی یکساں حالات پیدا کرکے لوگوں کو یا عوام کو یہ حق دیں کہ وہ آزادانہ بنیادوں پر اپنی مرضی اور منشا کی بنیاد پر اپنی حکومت کو منتخب کرسکیں۔جب تک لوگوں کو اس ملک میں حق حکمرانی نہیں ملے گی تو اس وقت تک لوگ اس سیاسی اور انتخابی نظام کی سیاسی ساکھ کو قبول نہیں کریں گے۔ ویسے بھی پہلے ہی اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے نئے انتخابات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔اب بلاول بھٹو بھی یہ کہتے ہیں کہ ہماری جماعت کو موجودہ حالات میں ریفرنڈم اور نئے انتخابات میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگاتو ہمارا فیصلہ نئے انتخابات کا ہوگا۔ نئے اور فوری انتخابات ہی ملک میں جاری سیاسی بحران کو ختم کرنے کا سبب بنے گا۔لیکن یہ اسی صورت میں ممکن ہوگاجب انتخابات کی بنیاد منصفانہ اور شفاف ہواور جس جماعت کو عوام منتخب کرتی ہے، اسے ہر سطح پر قبول کیا جائے۔ اس ڈر اور خوف سے نکلا جائے کہ فوری اور منصفانہ انتخاب کی صورت میں فلاں فلاں جماعت جیت سکتی ہے۔سیاسی جماعتوں کو انتخابی نظام میں ایک مخصوص کھیل کے تحت دیوار سے لگانے اور عوامی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کی روش کسی بھی صورت میں ملک کے مفاد میں نہیں۔ اس لیے قومی حکومت اور مخصوص مقاصد کے لیے نئی سیاسی جماعت کی تشکیل کا کھیل بھی بند کرنا ہوگا اور معاملات کو آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھانا ہوگا۔ایک آزاد الیکشن کمیشن جو خود مختار اور بااختیار ہو اس کی موجودگی میں ملک میں نئے انتخابات ہی مسائل کا حل ہیں۔لیکن اگر ہم نے الیکشن کمیشن سے بھی وہی نتائج حاصل کرنے ہیں جو ہم ماضی میں کرتے رہے ہیں تو پھر اس ملک کے جمہوری مستقبل پر ہمیشہ سوالیہ نشان رہیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل