Loading
کراچی میں پانی کا بحران سنگین شکل اختیارکرگیا، گذشتہ12 دنوں میں اربوں گیلن پانی شہرکو فراہم نہیں ہو سکا مزید 3 دن شہریوں کو پانی کی فراہمی متاثررہے گی۔ تفصیلا ت کے مطابق یونی ورسٹی روڈ پر ریڈلائن کی تعمیرات کے دوران دو مقامات سے شہر کو پانی فراہم کر نے والی 84 انچ کی ڈایا کی لائن کو پھاڑ دیا گیا تھاجس کے بعد واٹرکارپوریشن نے 3دسمبر سے مرمتی کام شروع کیا تھا، 8 دن بعد مرمتی کام مکمل کیا گیا تھا تاہم پھر ایک مقام سے رساؤ آنا شروع ہوگیا جس کی مرمت کا کام پیر سے شروع ہو گا، جبکہ مزید تین دن تک شہر کے بڑے حصے کو پانی کی فراہمی بند رہے گی۔ 3 دسمبر سے 15 دسمبر تک شہر کو ڈھائی ارب گیلن سے زائد پانی فراہم نہیں کیا جا سکا جبکہ بیشتر علاقوں میں 12 دن سے پانی کی فراہمی بند ہے۔ شہری پانی پانی کی بوند بوند کوترس ر ہے ہیں، مہنگے داموں ٹینکرز خرید کر اپنی ضروریا ت پوری کرر ہے ہیں۔ ایم ڈی واٹر کارپوریشن صلاح نے متاثرہ لائن کی مرمت کا معائنہ کر نے پہنچے۔ ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ ریڈ لائن کی تعمیرات کے لیے ہماری مرکزی لائن کو بری طرح متاثر کیا گیا جس کی وجہ سے شہر میں پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، ہم نے ٹرانس کراچی کو تمام لائنوں کی معلومات اور نقشے فراہم کیے ہیں، اس کے باوجود ہما ری لائن کو کئی مقام سے متاثر کیا گیا، ریڈلائن کی تعمیر کے دوران پائیلنگ کی جا رہی تھی اس نے مرکزی لائن کو پھاڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ سی او ٹرانس کراچی کو کہا ہے جو مرمتی کام میں اخراجات آئے اور فوری طور ادا کرے اور چاراور لاگتیں ہیں وہ بھی ہم ان سے لیں گے، انہوں نے کہا کہ جب تک پورا سسٹم نارمل نہیں ہوتا اس وقت مکمل پریشر سے پانی نہیں چلایاجاسکتا، ہم اس لائن کی مرمت کا کام عارضی نہیں بلکہ مستقل بنیادوں پر کررہے ہیں تاکہ اس پر بی آر ٹی چلے گی اور مستقبل میں کوئی مسائل کا سامنا نا کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ جب رساؤ کا علم ہوا تو ہم نے پریشر کم کردیا اس وجہ سے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی متاثر ہور ہی ہے، ایم ڈی واٹر کارپوریشن نے بتا یا کہ یہ مرمتی کام بدھ کی رات تک مکمل کرلیں گے اور جمعرات کی دوپہر سے پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی، شہری اس دوران پانی احتیاط استعمال کریں۔ ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر واقع سائفن 19 میں 84 انچ ڈایا کے ٹوٹل 3 پائپس ہیں جس میں سے صرف ایک پائپ کا مرمتی کام کیا جائے گا جبکہ سائفن 19 کے متوازی دونوں پائپس سے پانی کی فراہمی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرمتی کام کے باعث لیاری، کلفٹن، گلشن اقبال، جمشید ٹاؤن، اولڈ سٹی ایریا میں پانی کی فراہمی جزوی طور پر معطل رہے گی۔ ترجمان نے شہریوں سے درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پانی کا ذخیرہ کریں اور اسے احتیاط سے استعمال کریں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔ واضح رہے کہ روزنامہ ایکسپریس نے جمعہ کو ہی شہریوں معلومات فراہم کردی تھیں کہ پیر سے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی بند ہوگی، شہری پانی احتیاط سے استعمال کریں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل