Loading
شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 8 سے اغوا ہونے ضعیف الحمر شخص نذیر احمد کو پولیس نے بازیاب کرا لیا، جبکہ مغویان سے مقابلے میں 2 اغوا کار ہلاک ہو گئے۔ مغوی شخص گھر کے باہر اپنی کار میں بیٹھا نواسے کا انتظار کر رہا تھا کہ اچانک ایک کار ان کے نزدیک آ کر رکی، جس میں سے 4 نامعلوم افراد نے نکل کر انہیں زبردستی اغوا کر کے لے گئے۔ مغوی کے نواسے منیب احمد کی مدعیت میں ساحل تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا تھا، منیب احمد کا کہنا تھا کہ میرے نانا فجر کی نماز کے لیے نکلے تھے اور میرا انتظار کر رہے تھے، میں باہر آیا تو گاڑی خالی تھی اور ڈرائیونگ سائیڈ کا دروازہ کھلا ہوا تھا۔ منیب احمد کا مزید کہنا تھا کہ گھر پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں میں دیکھا تو نامعلوم افراد میرے نانا کو اپنے ہمراہ لے جاتے دیکھائی دیئے۔ پولیس کے مطابق مغوی ضعیف العمر شخص نذیر احمد کو بازیاب کرا لیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ قیوم آباد سے سی ویو جانے والی سڑک پر چیکنگ کے دوران ایک مشکوک کار کو روکنے کا اشارہ دیا گیا۔ ایس ایچ او ڈیفنس کے مطابق کار میں سوار ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جوابی فائرنگ میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ باقی دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈیفنس فیز 8 سے اغوا ہونے والے نذیر احمد کو بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے اغواکاروں کی شناخت اعجاز اور عقیل کے نام سے ہوئی ہے، ایس ایچ اور ڈیفنس کا کہنا ہے کہ واقعہ کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل