Wednesday, June 18, 2025
 

ایران اسرائیل جنگ؛ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

 



ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 4 فیصد اضافے بعد جنوری کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق خام تیل کی قیمت 74.84 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچی، جو رواں سال کی بلند ترین سطح ہے۔ علاوہ ازیں امریکی خام تیل (U.S. oil futures) میں اس مہینے اب تک 23 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔ اسی طرح برینٹ کروڈ جو کہ عالمی معیار کا تیل ہے۔ اس کی قیمتوں میں بھی 4 فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے۔ ایران اسرائیل جنگ کے علاوہ خلیج عمان میں دو تیل بردار جہازوں کے تصادم کے بعد دنیا کے سب سے اہم تیل بردار بحری راستے "آبنائے ہرمز" کے حوالے سے بھی خطرات میں اضافہ ہوا ہے۔ توانائی مارکیٹ کے ماہر رابرٹ یاوگر نے سی این این کو بتایا کہ آبنائے ہرمز کبھی بند نہیں ہوئی، حتیٰ کہ 1980 کی دہائی میں ایران-عراق جنگ کے دوران بھی یہ کھلی رہی۔ انھوں نے مزید کہا کہ تاہم دو تیل بردار جہازوں کے تصادم اور آگ لگنے کے واقعے نے یہ خدشہ بڑھا دیا ہے۔ اگر ایران اسرائیل کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو یہ صورتحال قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بھی بڑھنے کا امکان ہے جس سے عالمی سطح پر مہنگائی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے امور کے ماہرین کا مزید کہنا تھا کہ پہلے روس یوکرین اور اب ایران اسرائیل جنگ نے دنیا میں غیر یقینی صورت حال کو جنم دیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس صورت حال میں دنیا کو جہاں مہنگائی کا سامنا ہے وہیں خوراک کی کمی کا خدشہ بھی لاحق ہے۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل