Loading
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انھوں نے اسرائیل کو ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملے سے روکے رکھا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ٹروتھ سوشل" پر لکھا کہ خامنہ ای کا اسرائیل سے جنگ میں ایران کی فتح کا دعویٰ جھوٹ اور احمقانہ ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران جنگ ہار چکا تھا، جھوٹ بولنا ایک ایسے شخص کے شایان شان نہیں جن کی شناخت ایک مذہبی پیشوا کی ہے۔ امریکی صدر کا یہ بھی کہنا تھا کہ خود خامنہ ای بھی جانتے ہیں، فتح کا دعویٰ کرنا حقیقت سے کوسوں دور ہے۔ حقیقت میں ایران تباہ ہوچکا ہے۔ انھوں نے لکھا کہ ایران کے 3 خطرناک جوہری مراکز مکمل طور پر نیست و نابود کر دیے گئے اور میں نے ہی خامنہ ای کی زندگی بچائی۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ مجھے معلوم تھا خامنہ ای کہاں چھپے ہوئے ہیں لیکن میں نے امریکا اور اسرائیل کو ان کو قتل کرنے سے روکا۔ https://truthsocial.com/@realDonaldTrump/114756430889057942 امریکی صدر نے شکوہ کیا کہ میرے جان بچانے پر تو خامنہ ای کو کہنا چایے تھا، شکریہ ٹرمپ لیکن انھوں نے ایسا نہیں کیا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید انکشاف کیا کہ جنگ کے آخری لمحات میں اسرائیلی طیارے تہران کی جانب ایک بڑی کارروائی کے لیے بڑھ رہے تھے جسے میں نے مداخلت کرکے روکا۔ یہ اب تک کا سب سے بڑا حملہ ہوتا جس میں ہزاروں ایرانی ہلاک ہوسکتے تھے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران پر عائد پابندیوں میں نرمی کے امکانات پر کام کر رہے تھے تاکہ ملک کو جلد بحالی کا موقع دیا جا سکے مگر خامنہ ای کے "نفرت انگیز اور جھوٹے" بیان کے بعد انہوں نے یہ تمام اقدامات روک دیے ہیں۔ امریکی صدر نے خبردار کیا کہ ایران کو عالمی نظام میں واپس آنا ہوگا ورنہ اس کی تباہی مزید گہری ہو جائے گی۔ ان کی معیشت تباہ ہے، فوج بکھر چکی ہے اور چاروں طرف موت کا راج ہے۔ انھوں نے آخر میں کہا کہ ایران کو شہد سے زیادہ فائدہ ہوسکتا ہے نہ کہ سِرکے سے۔ امن کی طرف بڑھنا ہی ان کے لیے واحد راستہ ہے۔ ایران کی جانب سے فی الحال اس بیان پر کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا ہے، تاہم تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بیان ایران اور امریکا کے تعلقات میں مزید کشیدگی کا باعث بن سکتا ہے جو پہلے ہی نازک موڑ پر کھڑے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل