Wednesday, July 09, 2025
 

چین؛ زرمبادلہ کے ذخائر 10 سالہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے

 



چین کے زرمبادلہ (فاریکس) کے ذخائر میں مسلسل چھٹے ماہ اضافہ ہوا ہے اور جون کے اختتام پر یہ ذخائر تقریباً 3.32 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئے. عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کے زرمبادلہ کے ذخائر گزشتہ دس برس میں سب سے بلند سطح پر ہے یہ بات پیر کو جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار میں سامنے آئی۔ چینی ادارے اسٹیٹ ایڈمنسٹریشن آف فارن ایکسچینج (SAFE) کے مطابق جون کے مہینے میں زرمبادلہ کے ذخائر میں 0.98 فیصد یعنی 32.2 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ ستمبر 2024 کے بعد پہلی بار 3.3 ٹریلین ڈالر سے تجاوز کرگئے۔ ماہرین کے مطابق، اس اضافے کی بنیادی وجہ امریکی ڈالر کی دیگر بڑی عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں مسلسل گراوٹ اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں اثاثہ جات کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ امریکا کے ساتھ جاری تجارتی کشیدگی، ٹیرف پالیسی کی غیر یقینی صورتحال، ممکنہ سود کی شرح میں کمی اور جیو پولیٹیکل تناؤ کے پیشِ نظر چین کے مرکزی بینک نے مسلسل آٹھویں مہینے بھی اپنے سونے کے ذخائر میں اضافہ کیا۔ جون کے اختتام پر چین کے سونے کے ذخائر 73.90 ملین ٹرائے اونس تک پہنچ گئے، جو مئی کے اختتام پر 73.83 ملین اونس تھے۔ سونے کی مالیاتی قدر بھی معمولی اضافے کے ساتھ 242.93 ارب ڈالر تک جا پہنچی، جو مئی میں 241.99 ارب ڈالر تھی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر انڈیکس میں کمی اور عالمی مالیاتی منڈیوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ چین کی مستحکم معاشی ترقی نے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔    

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل