Tuesday, October 22, 2024
 

غزہ میں اسرائیل کی بمباری سے 42 فلسطینی شہید

 



غزہ سٹی: اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ سٹی کے اضلاع میں کیے گئے فضائی حملوں میں 42 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 101 ہوگئی ہے۔

غیرملکی خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حماس حکومت کے میڈیا آفس نے بتایا کہ  غزہ شمالی علاقے میں واقع تاریخی مہاجر کیمپوں میں سے ایک الشاطی میں گھروں پر اسرائیل نے بمباری کی جہاں 24 افراد شہید ہوگئے۔

اسرائیلی فوج نے دوسری کارروائی التفاح کے قریب گھروں پر کی جہاں 18 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے مختصر بیان میں کہا کہ آئی ڈی ایف اہلکاروں نے جنگی طیاروں کے ذریعے غزہ سٹی میں حماس کے دو فوجی تنصیبات پر کارروائی کی۔

بیان میں تفصیلات نہیں بتائی گئیں تاہم جلد ہی آگاہ کرنے کا بتایا گیا۔

حماس نے اس کی فوجی تنصیبات نشانے بنانے کے اسرائیل کے دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم بیان میں کہا کہ حملوں میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا اور کہا کہ نازی لیڈرز کو عام شہریوں کے خلاف اس ظلم کی قیمت چکانی پڑے گی۔

خبرایجنسی کے مطابق جائے وقوع سے حاصل فوٹیجز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ درجنوں فلسطینی تباہ ہونے والے گھروں میں اپنے پیارے ڈھونڈنے کے لیے دوڑ رہے ہیں، فوٹیجز میں ٹوٹے ہوئے گھر، بموں سے متاثرہ دیواریں، ملبہ اور شیتی مہاجر کیمپ کی گلیوں میں دھول اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں میں 1200 اسرائیلی ہلاک ہوگئے تھے اور 250 سے زائد کو گرفتار کرلیا گیا تھا جبکہ اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئیں وحشیانہ کارروائیوں میں اب تک 38 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

فلسطینی وزارت صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 101 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل