Loading
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیرف لگانے کا فیصلہ ایک ماہ کیلیے معطل کردیا تاہم چین کے لیے برقرار ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے کینیڈا اور میکسیکو پر ٹیرف لگانے کا فیصلہ 30 روز کے لیے معطل کیا ہے۔ امریکا نے پڑوسی ممالک کو یہ رعایت سرحدی علاقوں میں سیکورٹی مزید سخت کرنے اور اسمگلنگ روکنے کے اقدامات پر جوابی اقدام کے طور پر دی گئی ہے۔ دوسری جانب چین کے لیے ٹیرف سے متعلق کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔ چین کو اگلے چند گھنٹوں میں 10 فیصد ٹیرف کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ وائٹ ہاؤس کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ رواں ہفتے کے آخر تک چین کے صدر شی جن پنگ سے گفتگو نہیں کریں گے۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام کا کہنا ہے کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کے مطالبے پر تارکین وطن کی آمد اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے بارڈر پر سکیورٹی بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔اس اتفاق کے بعد دونوں ممالک پر 25 فیصد تک ٹیرف معطل ہو جائے گا۔ ٹیرف کا اطلاق آج سے 30 روز کے لیے ہونا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پربیان میں کہا کہ صدر ہونے کے ناطے یہ میری ذمہ داری ہے کہ تمام امریکیوں کے تحفظ کو یقینی بناؤں اور میں صرف یہی کر رہا ہوں۔ میں اس ابتدائی نتیجے کے سامنے آنے پر خوش ہوں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل