Sunday, June 30, 2024
 

ڈوبتی کشتی میں عراقی تارک وطن نے نوجوان لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا

 



روم: اٹلی کے ساحل پر عراق سے تعلق رکھنے والے تارک وطن نے ماں کے سامنے اس کی 16 سالہ بیٹی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق جنسی زیادتی اور قتل کے مرتکب 27 سالہ تارک وطن کو گرفتار کرلیا گیا جس کا تعلق عراق سے ہے۔ اس کشتی کے ڈوبنے سے 70 میں سے 58 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

صرف 35 افراد کی لاشیں نکالی جا چکیں جن میں 15 بچے بھی شامل ہیں جب کہ 12 افراد کو زندہ نکالا جا سکا۔ 4 دن گزر جانے کے بعد دیگر لاشوں کی تلاش روک دی گئی۔

زندہ بچ جانے والے تارکین وطن نے پولیس کو بتایا کہ 27 سالہ تارک وطن کی بیوی اور بیٹی بھی کشتی میں موجود تھیں جو ڈوب گئیں اور اس کا غصہ اُس نے 16 سالہ لڑکی پر نکالا۔

عینی شاہدین کے بقول سفاک نوجوان نے یہ گھناؤنی حرکت عین اُس وقت کی جب کشتی ڈوب رہی تھی اور لوگ اپنی جانیں بچانے کی کوشش میں تھے۔ متاثرہ لڑکی کی ماں مدد کے لیے پکارتی رہی لیکن کسی نے توجہ نہ دی۔

ایک درجن کے قریب تارکین وطن کو زندہ بچانے والے کوسٹ گارڈ کے اہلکاروں نے بتایا کہ کشتی ناقص تھی، مسافروں کی تعداد زیادہ تھی اور کسی کے پاس لائف جیکٹس نہیں تھیں۔

کوسٹ گارڈ اہلکاروں کے مطابق جس وقت یہ کشتی آہستہ آہستہ ڈوب رہی تھی اُس وقت وہاں سے تارکین وطن کی دیگر کشتیاں بھی گزریں لیکن کسی نے مدد کے لیے رکنا گوارا نہیں کیا۔

 

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل