Thursday, April 30, 2026
 

علی ظفر پر جنسی ہراسانی کیس کا معاملہ، میشا شفیع نے ایک اور اپیل دائر کردی

 



گلوکار علی ظفر اور میشا شفیع کے درمیان طویل عرصے سے جاری قانونی تنازع ایک بار پھر نئے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے، جہاں میشا شفیع نے سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں میشا شفیع کی جانب سے ایڈووکیٹ ثاقب جیلانی نے اپیل دائر کی، جس میں سیشن عدالت کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس کے تحت علی ظفر کے حق میں فیصلہ دیتے ہوئے میشا شفیع کو 50 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹرائل کورٹ نے حقائق کا درست انداز میں جائزہ نہیں لیا۔ میشا شفیع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر وہ اپنے الزامات مکمل طور پر ثابت نہیں کرسکیں تو علی ظفر بھی خود پر لگائے گئے الزامات کی مکمل نفی ثابت نہیں کر سکے۔ درخواست گزار کے مطابق انہوں نے جنسی ہراسانی کے الزامات سے متعلق صوبائی محتسب سے بھی رجوع کیا تھا، جبکہ اس فیصلے کے خلاف قانونی کارروائی تاحال سپریم کورٹ میں زیر التوا ہے۔ اپیل میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے سے قبل سیشن کورٹ کی ڈگری نافذ نہیں کی جا سکتی۔ میشا شفیع نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ سیشن کورٹ کے 50 لاکھ ہرجانے کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔ واضح رہے کہ یہ کیس پاکستان کی شوبز انڈسٹری کے سب سے زیادہ زیر بحث قانونی تنازعات میں شمار ہوتا ہے، جس نے نہ صرف تفریحی حلقوں بلکہ سوشل میڈیا پر بھی مسلسل توجہ حاصل کیے رکھی ہے۔ اب لاہور ہائیکورٹ میں دائر نئی اپیل کے بعد اس ہائی پروفائل کیس میں ایک اور اہم قانونی موڑ سامنے آ گیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل