Thursday, April 30, 2026
 

اکشے کمار کے سنجیدہ مذاق نے جیکولین فرنینڈس کو خوفزدہ کردیا

 



بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈس نے ایک دلچسپ مگر خوفناک تجربہ شیئر کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ہاؤس فل‘ کی شوٹنگ کے دوران اکشے کمار کے ایک مذاق نے انہیں شدید خوف میں مبتلا کر دیا تھا۔ یہ انکشاف اکشے کمار کے ریئلٹی شو ’وہیل آف فارچون‘ کی آخری قسط میں سامنے آیا، جہاں جیکولین کے ساتھ معروف کوریوگرافر و ہدایتکار فرح خان اور اداکارہ بھومی پیڈنیکر بھی موجود تھیں۔ جیکولین نے گفتگو کے دوران بتایا کہ ان کا پہلا آئٹم سانگ ’’دھنو‘‘ تھا، اور اسی دوران اکشے کمار نے ان کے ساتھ ایک ایسا پرینک کیا جسے وہ آج تک نہیں بھول سکیں۔ اداکارہ کے مطابق اکشے نے انہیں یہ یقین دلا دیا تھا کہ پولیس انہیں گرفتار کرنے کے لیے سیٹ پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خبر نے انہیں اتنا خوفزدہ کر دیا کہ وہ پورے شوٹ کے دوران شدید ذہنی دباؤ کا شکار رہیں۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ سب محض ایک مذاق تھا۔ اکشے کمار نے ہنستے ہوئے وضاحت کی کہ جیکولین اس لیے زیادہ ڈر گئی تھیں کیونکہ اس وقت ان کے ویزا سے متعلق کچھ مسائل تھے، اور اسی وجہ سے پولیس کا ذکر ان کے لیے زیادہ پریشان کن ثابت ہوا۔ اکشے نے بعد میں اس مذاق پر معذرت بھی کی۔ شو کے دوران بھومی پیڈنیکر نے بھی بتایا کہ فلم ’ٹوائلٹ: ایک پریم کتھا‘ کی شوٹنگ کے وقت اکشے کمار نے ان کے ساتھ بھی بائیک پر تیز رفتاری کا ایک خطرناک پرینک کیا تھا۔ دوسری جانب فرح خان نے مزاحیہ انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے اکشے کے ساتھ تیس مار خان اور جوکر جیسی فلمیں بنانا ہی سب سے بڑا پرینک تھا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل