Loading
معروف ٹک ٹاکر اور ریپر اسد اسحاق المعروف سڈ ریپر کے گھر ہونے والی نقب زنی کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں لاہور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث گینگ کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق پولیس نے ڈی ایچ اے فیز 9، بیدیاں روڈ اور تھانہ ہیر کے علاقوں میں ہونے والی تین بڑی نقب زنی کی وارداتوں کو کامیابی سے ٹریس کرتے ہوئے چار رکنی گروہ کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان میں سرغنہ ابراہیم عرف اے بی، علی حمزہ، محمد ساجد اور آسیہ بی بی شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران ملزمان نے تھانہ ہیر کے علاقے میں مزید دو چوری کی وارداتوں کا بھی اعتراف کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان خالی گھروں کی باقاعدہ ریکی کرتے، دیواریں پھلانگ کر اندر داخل ہوتے اور قیمتی سامان چرا کر لاہور سے قصور اور نور پور نہر کے اطراف منتقل کر دیتے تھے۔
کارروائی کے دوران تقریباً مکمل مالِ مسروقہ برآمد کر لیا گیا، جس میں ایپل لیپ ٹاپ، کیمرہ، جیولری، مہنگے پرفیومز، قیمتی ملبوسات اور دیگر اشیاء شامل ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، تکنیکی شواہد، خفیہ اطلاعات اور مسلسل فیلڈ ورک کی مدد سے اس گینگ کو ٹریس کیا گیا، جبکہ پیشہ ورانہ حکمت عملی اور مسلسل چھاپوں کے بعد ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اس کامیاب کارروائی کے موقع پر ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم، ایس ایچ او ہیر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
دوسری جانب سڈ ریپر نے ملزمان کی گرفتاری پر لاہور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز کی قیادت اور ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔
پولیس کے مطابق کیس میں مزید سہولت کاروں اور چوری شدہ سامان خریدنے والوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے، جبکہ لاہور پولیس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے متحرک ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل