Loading
بھارت روانگی کیلیے 400 پاکستانی ہندوؤں کی استھیاں کراچی سے لاہور پہنچا دی گئیں۔ 400 سے زائد استھیاں کئی سالوں کے انتظار کے بعد بھارت کے مقدس مقام ہریدوار کے لیے روانہ کی جا رہی ہیں۔ یہ استھیاں کراچی کے قدیم علاقے سولجر بازار میں شری پنچ مکھی ہنومان مندر میں محفوظ تھیں جنہیں گزشتہ روز خصوصی پوجا پاٹ کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے تعاون سے لاہور منتقل کیا گیا۔ کینٹ اسٹیشن کراچی سے بذریعہ ٹرین لاہور پہنچنے والی استھیوں کو گوردوارہ ڈیرہ صاحب لاہور لایا گیا جہاں سے آج انہیں واہگہ بارڈر کے راستے بھارت روانہ کیا جائے گا۔ وہاں سے یہ دہلی پہنچیں گی اور پھر ہریدوار لے جائی جائیں گی۔ ہریدوار میں دریائے گنگا جو ہندو دھرم میں ایک مقدس مقام ہے ان استھیوں کے لیے آخری منزل ہوگی جہاں انہیں رسومات کے ساتھ بہایا جائے گا۔ استھیوں کی روانگی کے موقع پر ہندو برادری کے افراد، مرد و خواتین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ مندر میں دعاؤں اور رسومات کے بعد روانگی کے وقت جذباتی مناظر دیکھنے کو ملے۔ شری پنچ مکھی ہنومان مندر کے گدی پتی مہاراج شری رام ناتھ نے کہا کہ یہ ہندو برادری کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ آٹھ سال کے طویل انتظار کے بعد ہمارے پیاروں کی آخری رسومات مکمل ہو رہی ہیں۔ یہ ان کے لیے ہماری محبت اور عقیدت کا مظہر ہے۔ بھارت میں ان استھیوں کا پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔ مختلف ہندو تنظیمیں ہریدوار میں ان رسومات میں شرکت کریں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل