Loading
ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی نے کراچی رینج کے 649 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دے دی، کراچی پولیس چیف نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی۔ کراچی پولیس چیف کی زیر نگرانی کراچی پولیس آفس (کے پی او) میں ڈپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی ڈی آئی جی ایڈمن ذوالفقار لاڑک نے کی جبکہ کمیٹی کے دیگر افسران میں اے ڈی آئی جی ایڈمن عمران شوکت اور اے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ارشد صدیقی بھی شامل تھے۔ ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کمیٹی نے کراچی رینج کے 649 ہیڈ کانسٹیبلز کو اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئی) کے عہدے پر ترقی دیدی جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر 152 کیسز کو مؤخر کیا گیا ہے۔ اس موقع پر کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے انھیں ہدایت کی کہ وہ محنت ، لگن اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیں۔ انھوں ںے مزید تاکید کی کہ عوام کے ساتھ انصاف ، تعاون اور مدد کو یقینی بنایا جائے تاکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مستحکم کیا جا سکے ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل