Loading
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان کے 25 کروڑ عوام آزادیٔ کشمیر کی صبح تک کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کل ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیر جوش و خروش سے منایا جائے گا جس میں عوام بھرپور شرکت کریں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وہ لاہور کے مال روڈ پر یوم یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کریں گے، جہاں وہ نہ صرف کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کریں گے بلکہ ملک میں جاری مہنگی بجلی کے خلاف احتجاجی تحریک کے آئندہ لائحہ عمل کا اعلان بھی کریں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ گھروں سے نکل کر کشمیریوں سے اپنی محبت اور یکجہتی کا اظہار کریں۔ امیر جماعت اسلامی نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر پاکستان کی نظریاتی، جغرافیائی اور معاشی شہ رگ ہے اور اس کی آزادی کے بغیر تحریکِ پاکستان کی تکمیل ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کے حقوق کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر محاذ پر ان کے حق میں آواز اٹھاتی رہے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل