Wednesday, February 05, 2025
 

انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار

 



انسانی اسمگلنگ میں ملوث مبینہ ملزم سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان ایف آئی اے کی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملک کے تمام ائرپورٹس پر مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے، ایف آئی اے امیگریشن نے سیالکوٹ ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو سیالکوٹ ایئرپورٹ سے گرفتار کرلیا۔ بیان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت غلام حیدر کے نام سے ہوئی، گرفتار ملزم فلائٹ نمبر G9-552 کے ذریعے لیبیا سے پاکستان پہنچا، ملزم گزشتہ 2 سال سے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کو مطلوب تھا، ملزم کے خلاف سال 2023 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر شہری سے لاکھوں روپے بٹورے،  ملزم کو گرفتار کر کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی کے حوالے کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر گوجرانوالہ زون نے کہا کہ سیالکوٹ ائرپورٹ پر مسافروں کی سخت اسکریننگ کا عمل جاری ہے، جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔ ڈائریکٹر گوجرانوالہ  زون نے کہا کہ مشکوک سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کو یقینی بنایا جائے، جعلی دستاویزات اور دھوکہ دہی سے بیرون ملک جانے والے ملزمان اور ان کے سہولت کاروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ بیان کے مطابق شہریوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ اپنی سفری دستاویزات غیر متعلقہ لوگوں کے حوالے نہ کریں، ویزا حصول کے لئے ہمیشہ متعلقہ ملک کی ایمبیسی یا نامزد کردہ ویزا ایپلیکیشن سینٹر سے رابطہ کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل