Loading
قومی کرکٹرز کے درمیان تربیتی کیمپ میں بھی سرد مہری کا سلسلہ جاری ہے، دورہ بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے لیے پاکستان کرکٹ اسکواڈ کے لیے کیمپ میں اتوار کو نیشنل بینک اسٹیڈیم میں سنیریو بیسڈ میچ کے دوران دو سابق ٹیسٹ کپتانوں کے درمیان سرد مہری دیکھنے میں آئی۔ بنگلادیش ٹور کے لیے 15 رکنی قومی اسکواڈ سے باہر مستند سینیئر بیٹر بابر اعظم اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ایک دوسرے سے جدا جدا رہے، ماضی میں باہمی چھیڑ چھاڑ اور مزاح کرنے والے اسٹار کرکٹرز نے فاصلے برقرار رکھے۔ رات کو ابر آلود موسم کے دوران مصنوعی روشنی میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے بابر اعظم کو کوئی رن بنائے بغیر ہی واپس پویلین بھیج دیا، بطور اوپنر آنے والے صاحبزادہ فرحان نے شاہین شاہ آفریدی کی دو گیندوں کو روکا۔ تیسری گیند پر رن لینے کی کوشش میں دوسرے اینڈ پر موجود بابر اعظم کریز چھوڑ کر آگے بڑھے تاہم گیند بولر کے ہاتھوں سے نکل کر وکٹوں پر جا لگی اور امپائر نے بابر اعظم کو رن آؤٹ قرار دے دیا جو بوجھل قدموں سے واپس ڈریسنگ روم چلے گئے۔ عام طور پر وکٹ حاصل کرنے کے بعد جوش و خروش دکھانے والے شاہین شاہ آفریدی نے اس موقع پر خاموشی کا مظاہرہ کیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل