Loading
پنجاب حکومت اور مصر کے درمیان زراعت، لائیو اسٹاک اور آبی وسائل کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق طے پا گیا۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق فریقین کے مابین باہمی تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے مفاہمت کی یاداشت کی تیاری کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیر زراعت و لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی کی سربراہی میں حکومت پنجاب کے اعلیٰ سطح وفد کی مصر کے وفاقی وزیر زراعت و تحویل اراضی اعلی فاروق سے اہم ملاقات ہوئی۔ مصر میں پنجاب کے زرعی افسران کو تربیت دینے پر پنجاب حکومت اور مصر کی وزارت زراعت میں معاملات طے پا گئے ، جس کے تحت مصر پنجاب میں جدید زرعی فارمز قائم کرنے میں مکمل مدد فراہم کرے گا۔ پنجاب کے پارلیمانی سیکرٹری زراعت اسامہ خان لغاری، صوبائی سیکرٹری زراعت افتخار علی سہو سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی وفد میں شامل تھے۔ ملاقات میں زراعت، لائیو اسٹاک، پانی کے باکفایت استعال، کم پانی کے استعمال سے زیادہ پیداوار کے حصول، زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، زرعی تحقیق اور سٹراس مینجمنٹ کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر زراعت پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے مصر کے وفاقی وزیر زراعت اعلی فاروق کو پنجاب کے دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب کو زراعت کے ہر شعبہ میں بھرپور تعاون اور مدد فراہم کریں گے۔ ملاقات کے تناظر میں حکومت پنجاب اور حکومت مصر کے درمیان زراعت کے شعبہ میں طویل المدتی شراکت داری کے لیے ایم او یو کی تیاری اور منظوری کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ فریقین نے مستقبل میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا۔ صوبائی وزیر زراعت اور پنجاب حکومت کے وفد کے سربراہ سید عاشق حسین کرمانی نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مصر کی قیادت اور عوام کے لیے نیک خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل