Loading
وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ اور ویزا فراڈ میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے ملتان زون کی جانب سے بڑی کارروائیاں کی گئی ہیں اور انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر سمیت 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں فیروز قیصر سگو، محمد اعظم اور محمد وزیر شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان سادہ لوح شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے میں ملوث پائے گئے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم فیروز قیصر کو چھاپہ مار کارروائی میں خانیوال سے گرفتار کیا گیا، ملزم کا نام انتہائی مطلوب انسانی اسمگلرز کی فہرست میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے خلاف ایف آئی اے ملتان زون میں 9 مقدمات درج ہیں، ملزم کے خلاف منی لانڈرنگ کے مقدمات بھی درج ہیں، اس کے علاوہ فیصل آباد زون میں بھی ان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے سادہ لوح شہریوں کو دبئی اور سعودی عرب ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے لیے 82 لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے۔ ایف آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ ملزم محمد اعظم نے شہری کو آذربائیجان ملازمت کا جھانسہ دے کر 6 لاکھ روپے بٹورے اور ملزم محمد وزیر نے شہریوں سے دبئی اور متحدہ عرب امارات ملازمت کی غرض سے بھجوانے کے نام پر 23 لاکھ 60 ہزار روپے بٹورے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے اور بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے تاہم تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل