Thursday, July 31, 2025
 

ویسٹ انڈیز سے ٹکراؤ، گرین شرٹس کی ہارڈ ہٹنگ پر توجہ مرکوز

 



ویسٹ انڈیز سے ٹکراؤ کے لیے گرین شرٹس نے ہتھیار چمکا لیے، لاؤڈرہل میں 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کے لیے سخت ٹریننگ کا سلسلہ جاری رہا، بیٹرز نے خاص طور پر ہارڈ ہٹنگ پر بھرپور توجہ دی جبکہ بولرز نے بھی نیٹ میں خوب پسینہ بہایا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان 3 ٹی 20 میچز کی سیریز کا آغاز جمعہ کو پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بجے سے ہوگا، اس کے لیے گرین شرٹس کی تیاریاں جاری ہیں۔ حال ہی میں گرین شرٹس کو بنگلا دیش کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں 2-1 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس سیریز کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کو دور کرنے کیلیے لاؤڈرہل میں گذشتہ شب بھی بھرپور ٹریننگ کی گئی۔ بیٹرز نے خاص طور پر جارحانہ شاٹس کھیلنے پر توجہ دی جبکہ کوچ مائیک ہیسن رہنمائی کرتے دکھائی دیے، نیٹس میں بولرز نے بھی خوب پسینہ بہایا۔ اس دوران فیلڈنگ میں بہتری کیلیے کھلاڑی کوشاں دکھائی دیے۔ براؤڈ کاؤنٹی اسٹیڈیم میں دوسرے دن پریکٹس سیشن کے دوران کوچز نے کنڈیشنز کے لحاظ سے کھلاڑیوں کو مختلف اہداف بھی دیے، جنھیں وہ نیٹ پریکٹس میں حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کو بنگلا دیش کے ہاتھوں ابتدائی دونوں میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا ، تیسرے اور آخری میچ میں صاحبزادہ فرحان کی عمدہ بیٹنگ نے فتح دلائی، اس کے بعد دورہ ویسٹ انڈیز کے لیے ٹیم میں ردوبدل کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور حسن علی کو بھی بولنگ اٹیک کا حصہ بنایا گیا، سینیئرز کی واپسی سے اس شعبے میں ٹیم کی جانب سے زیادہ بہتر کارکردگی کا امکان ہے۔ دوسری جانب ویسٹ انڈیز کو حال ہی کھیلی گئی 5 ٹی 20 میچز کی سیریز میں آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش کا منہ دیکھنا پڑا، کیریبیئن جزائر میں کھیلی گئی سیریز میں میزبان بیٹرز کی کارکردگی میں تسلسل کا فقدان رہا تھا اور بولرز بھی اچھا پرفارم نہ کر سکے، ٹیم اس شرمناک شکست کا غصہ گرین شرٹس پر اتارنے کیلیے بے چین ہوگی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل