Saturday, August 02, 2025
 

پاکستان نے بھارتی رافیل طیارہ کیسے گرایا؟ برطانوی میڈیا نے لمحے لمحے کی روداد بتادی

 



برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ فضائی جھڑپ میں بھارتی رافیل لڑاکا طیارے کی تباہی پر ایک تفصیلی چشم کشا رپورٹ جاری کی ہے۔   رائٹرز کے مطابق 7 مئی کی رات پاکستانی فضائیہ کے ریڈارز پر بھارت کے کئی درجن جنگی طیاروں کی نقل و حرکت دیکھی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف خود آپریشن روم میں موجود تھے اور صورت حال کی براہِ راست نگرانی کر رہے تھے۔ رائٹرز نے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی طیاروں کی جارحانہ پیش قدمی دیکھتے ہوئے ائیرچیف نے فوری طور پر جے-10 سی (چینی ساختہ لڑاکا طیارے) اسکواڈرن کو متحرک کرنے کا حکم دیا، جس کا خاص ہدف بھارتی رافیل طیارے تھے۔ رائٹرز کی رپورٹ میں انٹیلیجنس ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا کہ بھارت کی جانب سے چینی میزائل پی ایل-15 کی صلاحیتوں کو نظر انداز کرنا ایک بڑی انٹیلیجنس ناکامی ثابت ہوئی۔ یہی میزائل بعد میں بھارتی رافیل طیارے کو نشانہ بنانے میں استعمال کیا گیا۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس فضائی جھڑپ میں دونوں جانب سے 110 سے زائد طیارے شامل تھے جو حالیہ دہائیوں میں کسی بھی دو ممالک کے درمیان سب سے بڑی فضائی لڑائی تصور کی جا رہی ہے۔ پاکستان نے اس جھڑپ میں ایک کامیاب الیکٹرانک وارفیئر حملے کا دعویٰ بھی کیا کہ جس نے بھارتی طیاروں کی مواصلاتی نظام اور ریڈار پر اثر ڈالا۔ اس کامیابی کے بعد کئی ممالک نے چینی لڑاکا طیاروں اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی لینا شروع کر دی ہے۔ یاد رہے کہ لوک سبھا میں رکن اسمبلی امریندر سنگھ نے یہ دعویٰ کیا کہ انہوں نے خود "BS001 رافیل" کو بھارتی پنجاب میں گرتے دیکھا۔ انھوں نے اپنی اس بات کے شواہد بھی ایوان میں پیش کیے تاہم بھارتی حکومت نے اب تک اس واقعے پر کوئی باضابطہ مؤقف اختیار نہیں کیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل