Loading
وفاقی حکومت کی جانب سے شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کے باوجود سرکاری قیمت پر چینی کی فروخت شروع نہ ہوسکی ہے، ریٹیل اور ہول سیل مارکیٹوں میں چینی کی قیمت میں بڑا تضاد سامنے نظر آرہا ہے۔ وفاقی وزارت فوڈ سیکیورٹی کے فارمولے کے تحت اگست میں چینی کی فی کلو ایکس مل قیمت اگرچہ 165روپے سے بڑھ کر 167روپے کی سطح پر آگئی ہے لیکن ہول سیل مارکیٹ میں ایکس مل فی کلوگرام چینی 169روپے میں سپلائی کی جارہی ہے۔ سرکاری سطح پر فی کلو گرام چینی کی ہول سیل قیمت 170روپے ہے مگر ہول سیل میں چینی 172روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین رؤف ابراہیم کے مطابق ریٹیل مارکیٹ میں فی کلوگرام چینی ہول سیل مارکیٹ کے مقابلے میں 10روپے زیادہ ہے، ریٹیل مارکیٹ میں فی کلوگرام چینی کی قیمت فروخت 182روپے سے 200روپے کے درمیان ہے۔ رؤف ابراہیم کے مطابق کمشنر کراچی نے ریٹیل مارکیٹ میں فی کلو چینی کا دام 173 روپے مقرر کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ کریک ڈاؤن کے بعد ہول سیل مارکیٹوں میں چینی وافر مقدار میں موجود ہے اور شوگر ملز مالکان کی جانب سے بھی ترسیل بحال ہے لیکن شوگر ملز اگست کے لیے مقررہ 167روپے میں فی کلو چینی کی سپلائی نہیں کررہی ہیں۔ رؤف ابراہیم نے کہا کہ شوگر ملز اگر مقررہ سرکاری قیمت پر چینی کی ایکس مل قیمت پر فروخت کریں تو ہول سیل میں فی کلوگرام چینی 2روپے مزید سستی ہوجائے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل