Loading
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف T20 سیریز جیتنے پر مبارک باد دی ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی اور ٹیم منیجمنٹ کو بھی جیت پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ٹیم ورک اور محنت ہی کامیابی کی کنجی ہے، مجھے امید ہے کہ ٹیم مزید محنت اور یکسو ہو کر آنے والے میچز کے لئے تیاری کرے گی اور کامیابیوں کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے اور اس کامیابی کو بہترین ٹیم ورک اور عزم کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی نے قومی ٹیم کی بھرپور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے لکھا کہ کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کیا، اُمید ہے کہ ٹیم اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھے گی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے پیر کو امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاوڈر ہل میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیز کو 13 رنز سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیتی تھی۔ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اننگز کی خاص بات صائم ایوب اور صاحبزادہ فرحان کی شاندار نصف سنچریاں تھیں۔ صائم ایوب نے جارحانہ انداز میں 74 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 66 رنز کی اننگز کھیلی۔ دیگر کھلاڑیوں میں حسن نواز نے 15، فہیم اشرف نے 10، خوشدل شاہ نے 11 اور حارث نے 2 رنز اسکور کیے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جیسن ہولڈر، روسٹن چیز اور شمار جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 176 رنز ہی بنا سکی اور 13 رنز سے شکست کھا گئی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل