Monday, August 04, 2025
 

پاکستانی طلبہ کا استنبول یونیورسٹی کے عالمی تقریری مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

 



 پاکستان کے باصلاحیت طلبہ پر مشتمل 21 رکنی وفد نے حال ہی میں ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقدہ استنبول یونیورسٹی ماڈل یونائیٹڈ نیشنز (IUMUN) میں شرکت کی، جو ترکیہ کا سب سے بڑا اور نمایاں تقریری مقابلہ تصور کیا جاتا ہے۔ اس بین الاقوامی ایونٹ میں بے ویو اکیڈمی، کراچی گرامر اسکول، لاہور گرامر اسکول، نکسر کالج اور دی سیڈر اسکول کے طلبہ نے پاکستان کی نمائندگی کی۔ اس بین الاقوامی مقابلے میں پاکستانی وفد نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 میں سے 4 کمیٹیوں میں ایوارڈز حاصل کیے۔ احمد نسیم کھرل اور یحییٰ جمالی نے آؤٹ اسٹینڈنگ ڈپلومیسی ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ آئیلا طارق، منتہٰی کامران اور وانیا عمیر کو ان کی عمدہ کارکردگی پر آنریبل مینشن سے نوازا گیا۔ مقابلے میں 19 سے زائد ممالک کے 700 سے زیادہ طلبہ نے شرکت کی، جن میں ترکیہ کے مختلف شہروں سے آنے والے طلبہ بھی شامل تھے۔ پاکستانی وفد میں شامل زیادہ ترطلبہ کم عمر تھے، تاہم انہوں نے کالج اور یونیورسٹی سطح کے طلبہ کے ساتھ بھرپور انداز میں مقابلہ کیا۔تین دنوں پر مشتمل اس علمی و سفارتی مقابلے میں 10 مختلف کمیٹیوں میں سخت مباحثے ہوئے۔ استنبول یونیورسٹی کی میزبانی میں ہونے والا یہ مقابلہ یورپ کے سب سے بڑے تقریری مقابلوں میں شمار ہوتا ہے۔ 1453 میں قائم ہونے والی یہ یونیورسٹی 57 مختلف شعبہ جات اور 143 سے زائد ممالک سے تعلق رکھنے والے 10,000 طلبہ پر مشتمل ہے۔ اس کے نمایاں سابق طلبہ میں ترکی کے سابق صدر جناب عبداللہ گل اور سابق وزیر خارجہ جناب تران گنیس شامل ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل