Loading
’’بیسویں صدی کی پانچویں دہائی کی بات ہے کہ ہندوستان کے پہلے وزیراعظم پنڈِت جواہر لال نہرو کے پرائیویٹ سیکریٹری او۔پی متھائی نے ایک دن قومی رہنما اور مجاہد ِ آزادی آچاریہ جے پی کرپلانی کو فون کیا،’میں او۔ پی متھائی ہوں، وزیراعظم کی رہائش گاہ سے بول رہا ہوں‘۔ کرپلانی جی نے جو اَپنی بذلہ سنجی اور ذہانت کے لیے مشہور تھے، برجستہ جواب دیا، ’میں آچاریہ کرپلانی ہوں اور اپنی ہی رہائش گاہ سے بول رہا ہوں‘‘۔ یہ اقتباس مضمون بہ عنوان ’دبستانِ رام پور کا منظوم تذکرہ‘ (از شوکت علی خاں ایڈووکیٹ رام پوری) سے لیا گیا ہے جو ممتاز شاعر ہوش ؔ نعمانی کی کتاب ’ادب گاہِ رام پور‘ میں شامل ہے۔ {اسی مضمون میں یہ حیرت انگیز انکشاف بھی ہے کہ گاندھی جی نے اپنے جنوبی افریقہ میں قیام کے دور میں، وہاں ایک پرائمری اسکول قائم کیا جہاں وہ اردو خود پڑھایا کرتے تھے}۔ ریاست رام پور کی ادبی تاریخ میں ایک موڑ ایسا آیا کہ بظاہر سب کچھ تلپٹ ہوکر رہ گیا ۔24اکتوبر 1794ء کو رام پور کے نواب کی انگریزوں سے جنگ کے بعد، نواب خاند ان کو دہلی، لکھنؤ و دیگر مقامات کی طرف جِلاوطنی اختیار کرنی پڑی۔ وہاں قیام کے دوران میں نوابین اور اُن کے اہل خانہ کی مقامی شعراء سے دوستی ہوگئی۔ 1840ء میں نواب احمد علی خاں رِندؔ کی وفات کے بعد، کوئی اولادِنرینہ نہ ہونے کے سبب، نواب غلام محمد خاں کے فرزند نوا ب محمد سعید خاں کو نواب رام پور بنادیا گیا۔ انھوں نے اپنے وقت کے تمام معروف شعراء کو اپنے ساتھ رام پور لے جاکر، اُن کی بھرپور سرپرستی کی۔ (ان شعراء کے اسماء پہلے ذکر کرچکا ہوں)۔ مومنؔ کا ذکر ماقبل کیا تھا کہ کسی کی شان میں قصیدہ کہنے کے لیے مشہور نہیں تھے، لیکن نواب سعید کو ہدیہ تبریک پیش کرتے ہوئے، مبارک باد نامہ مع قطعہ تاریخ ارسال کرتے ہوئے، اُسی مومنؔ نے یہ بھی کہا تھا: یعنی اس مُلک کے نصیب کھُلے تیرے قدموں پہ کی جبیں سائی اب ہمارے ناقدین اور مومنؔ کے مداحِین کچھ بھی کہتے رہیں۔ واقعہ یہ ہے کہ نواب خاندان اور مومنؔ کے مابین دِلّی میں تحائف کا تبادلہ بھی ہوا کرتا تھا تاآنکہ ولی عہد (بعد اَزآں نواب) یوسف علی خاں ناظمؔ دِلّی گئے تو اِسی مومنؔ نے اُن کی شان میں فارسی زبان میں قطعہ تاریخ ِ استقبالیہ بھی کہا تھا۔ بات کی بات ہے کہ اپنے میرزا نوشہ بھی ’خوشامدگوئی‘ میں بہت سوں سے بہت آگے تھے۔ یہ جو مشہور ترین شعر ہے غالبؔ کا، یہ بھی ریاست کے ایک نواب، کلب ِ علی خاں کی شان میں کہا گیا تھا: تم سلامت رہو پچاس برس ہر برس کے ہوں دن پچاس ہزار ابتداء میں ذکر ہوا ایک اہم کتاب میں شامل ایک واقعے کا، اب ہم اس بابت بات کرتے ہیں: رام پور کے وابستگان نے بعض ادبی کام بہت ہی مختلف اور منفرد کیے ہیں جیسے ہوشؔنعمانی کی کتاب ’ادب گاہِ رام پور‘ ہے جو اِس (سابقہ) ریاست کے تقریباً تمام قابل ذکر شعراء کا منظوم تذکرہ ہے۔ اس منظوم خراجِ تحسین کا آغاز قائمؔ (قیام الدین محمد) چاندپوری سے ہوتا ہے اور اختتام جوہرؔ باسودھوی پر۔ رام پور کے ادبی مرکز کی بناء اُس وقت پڑی جب یہاں قائمؔچاندپوری نے قدم رنجہ فرمایا۔ 1774ء (قیام ریاست) تا 1840ء کا دور، قائم ؔ اور اُن کے تلامذہ کا دور تھا۔ اُس دور میں بعض غیرمعروف شعراء نے اردو غزل کی شمع جلائے رکھی اور پھر جرأت ؔ کے شاگرد شاہ رؤف رافتؔ مجددی اور رافتؔ کے شاگرد غلام نبی، عبرتؔ اور قربتؔ نے اپنا رنگ جمایا۔ نظام ؔ اور داغؔ سے بہت پہلے عزتؔ نے ایسا شعر کہہ کر قائمؔ وجرأت کا اسلوب اور نمایاں کردیا تھا: دیکھ آئینے میں وہ زُلف ِ دوتا کہتے ہیں لو گ سچ کہتے ہیں، اس کو جو بَلا کہتے ہیں {22مارچ 1933ء کو محلہ ٹھوٹھر، رامپور یوپی میں صوفی سعادت یار خاں کے گھر پیدا ہونے والے شرافت یارخاں المتخلص بہ ’ہوشؔ نعمانی‘ کا شمار اپنے وقت کے ممتاز، کُہنہ مشق اور زودگو شعراء میں ہوتا ہے۔ اُن کے بعض اشعار زبان زدِخاص وعام تھے جیسے: وہ تو بتا رہا تھا کئی روز کا سفر زنجیر کھینچ کر جو مسافر اُتر گیا (صباؔافغانی رام پوری کی اچانک وفات کا سُن کر کہا تھا) جسم تو خاک ہے اور خاک میں مل جائے گا میں بہرحال کتابوں میں ملوں گا تم کو ( ماہنامہ الحسنات، رامپور کے ’مودودی نمبر‘ کے سرورق کے لیے فی البدیہہ کہا تھا) چاندی کے چراغوں سے نہ جل جائے جوانی ماٹی کے دیے چھوڑ کے گاؤں سے نہ جاؤ ہوشؔ نعمانی اس قدر زود گو تھے کہ ایک ہی نشست میں ڈیڑھ دوسو اشعار یا مرثیے کے پچیس تیس بند کہہ دیتے تھے۔ اُن کی تصانیف وتالیفات کی فہرست پیش خدمت ہے: اندر دھنش (ہندی) کلام و سوانح شعرائے رامپور (1968ء )، میرا وطن (اردو نثر): رام پور کی چند شخصیات کا تعارف و تصاویر، گھاؤ شبدوں کے (ہندی) نظمیں، غزلیں، گیت: (1977ء)، زم زم و فرات (اردو) نعت، قصائد، مناقب، مرثیہ و سلام، کائنات (اردو) 1986ء نعت، مراثی، سلام، ’شہادت نامہ‘ (اردو) سلام و مسدس کا مجموعہ: ( 1994ء)، ادب گاہِ رامپور: شعرائے رامپور کا منظوم تذکرہ، انجانی راہیں (نظمیں، غزلیں)، چھیڑ خوہاں سے (اردو) نظمیں، غزلیات، رباعیات، مرتب عبداللّہ خالد: (2004ء )، آئینہ مسدس (مراثی) مرتب عبداللّہ خالد: 2006ء آئینہ مسدس (بار دوم): 2009ء، بیاں اپنا (مجموعہ غزلیات) مرتب: عبداللّہ خالد:2008ء ، اِتمام (منظومات و غزلیات) مرتب: عبد اللہ خالد: 2009ء۔ 21 اگست 2014ء کو یہ معروف ادیبوشاعر، بعارضہ سرطان خالقِ حقیقی سے جاملا} رام پوری مکتب ِ شعری کا دوسرا دور 1840ء میں نواب یوسف علی خان ناظمؔ، تسکین دہلوی، موجدؔ، عنایتؔ، بیتابؔ، سروشؔ اور عبرتؔ جیسے شعراء کے ریاست میں ظہور۔یا۔داخلے سے شروع ہوا۔ اُس دور میں خالص تغزل کے سخنور مومنؔ کا تُوتی بول رہا تھا اور پھر ایسے میں رنگ چوکھا ہوا تو مصحفیؔ کے شاگرد، بیمارؔ اُبھرے جن کا شعر ہے: سانس آہستہ لیجیو بیمارؔ ٹُوٹ جائے نہ آبلہ دل کا کہیے کیسا منفرد شعر ہے؟ اس شعر میں بہ یک وقت کئی صنعتیں جمع ہوگئی ہیں۔ 1857ء کی ناکام جنگ ِ آزادی کے وقت تک دبستانِ رام پور علمی وادبی مرکز کے طور پر جانا جانے لگا تھا۔ جنگ کے بعد دِلّی ہی نہیں اُجڑی، ہند کے طول وعرض میں زوال اپنی انتہا کو پہنچ گیا۔ ایسے میں داغ ؔ دہلوی، امیرؔ مِینائی اور جلال ؔ لکھنوی جیسے قدآور شعراء نے رام پور کو اَپنا مسکن بنالیا۔ قائم ؔ چاندپوری کے منظوم تعارف میں ہوش ؔ نے لکھا: قائم ؔ مِرے وطن میں اساسِ سخن ہیں ہوشؔ بانی نظم وشعر و غزل کا چمن ہیں ہوشؔ ………… قائم ؔ نہ تھے تو کچھ بھی نہ تھا میرے شہر میں چرچا ادب کا اِن سے ہوا میرے شہر میں میرزا غالبؔ کی شان میں ہوش ؔ صاحب یوں گویا ہوئے: غالبؔ کے فن کو میرے وطن سے جِلا ملی تخیل و طرزِ نو شہ کو رنگیں ضیاء ملی کرامت اللہ شہیدیؔ کے لیے ہوشؔ صاحب نے کہا: خان کرامت اللّہ شہیدی ؔ کا راستا اِک ایک صنفِ شاعری سے جاکے مل گیا ریاست کے نوابین کی شان میں ایک عمدہ نظم کے علاوہ اُنھوں نے انفرادی طور پر بھی اَبیات میں نام بہ نام خراج تحسین پیش کیا: نواب احمد علی خاں رِندؔ: احمد علی خاں رِند ؔ کی غزلوں میں تھا سُرور یعنی کہ یہ تھے ساتویں نوّابِ رام پور نواب یوسف علی خاں ناظمؔ: یوسف علی خاں تھے نویں نواب ِ ذی شعور ناظمؔ تخلص آپ کا، شہرت تھی دُور دُور نواب کلب ِ علی خاں: نواب حاجی کلب ِ علی خاں کی بات کیا ہے اُن کی شاعری میں تصوف کا باغ سا نواب حامد علی خاں رشکؔ: حامد علی خاں رشکؔ نے وہ گُل کھِلائے ہیں اپنے معاصرین کو حیرت میں لائے ہیں نواب رضا علی خاں رجاؔ: خانِ رضا علی نے تخلص ’رجا‘ رکھا ہندی سے چونکہ اُن کو بَلا کا لگاؤ تھا امیرؔ مینائی کو ریاست رام پور میں قیام سے اپنے شعری سفر میں بہت عروج ملا۔ ہوش ؔ نعمانی نے اُن کے لیے کہا: مینائیؔ خانداں کو یہیں سے مِلا عروج ایوانِ شاعری میں بلند اُن کے ہیں بُروج داغؔ دہلوی کی شان میں ہوشؔ نے فرمایا: دلّی میں داغ ؔ بعدِ ظفر ؔ ایک خواب تھے میرے وطن میں آئے تو کھِلتا گلاب تھے یہاں لائق توجہ یہ بات ہے کہ نواب میرزا داغ دہلوی نے اپنے استاد شیخ محمد ابراہیم ذوق ؔ کی وفات کے بعد، شاہ ظفرؔ سے بھی اصلاح لی تھی جس سے دو باتوں کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے: ا)۔ بہادرشاہ ظفر ؔ یقیناً کوئی معمولی شعرگو نہیں تھے جو اُن سے اپنے وقت کے ایک مستند غزل گو نے اصلاح لی۔ ب)۔ داغ ؔ نے غالبؔ کی عظمت سے انکار کیے بغیر، استاد ہی کے تلمیذِخاص سے رجوع کیا (یہ اوربات کہ ظفرؔ نے بھی ذوقؔ کے بعد، غالبؔ سے اصلاح لی تھی)۔ ہوشؔ نعمانی نے رام پور آکر بسنے والے ممتاز شاعر مضطر ؔخیرآبادی کا منظوم ذکر اِس طرح کیا کہ مماثل الفاظ بھی مزہ دے گئے: مضطرؔ نے خیرباد کہا، خیرآباد کو مجبور کرکے رکھ دیا، شاہوں کی داد کو یہ چند نمونے ’مُشتے ازخروارے‘ کے مصداق پیش کیے ہیں۔ ہوشؔ نعمانی نے باقاعدہ ادبی تاریخ نظم کرنے کی بجائے رواں اور فی البدیہ تذکرہ مرتب کردیا جس میں کسی بھی شاعر کا سرسری تعارف سامنے آجاتا ہے۔ اہل نقدونظر اس کام کی اہمیت کے متعلق گفتگو کرسکتے ہیں، میرا مقصد اِس کی طرف توجہ دلانا ہے۔ رام پوریات میں نثر کا خانہ بہت وسیع اور وقیع ہے۔ اس ضمن میں منظوم سے کہیں زیادہ منثور (نثر میں لکھی گئی) تذکرہ نگاری کا باب اہل ذوق کی توجہ چاہتا ہے۔ ابتدائی یا قدیم دور کی بات کی جائے تو پہلا نمایاں نام مولوی قدرت اللہ شوق ؔ کے تذکرے ’طبقات الشعرا‘ کا ہے جو انھوں نے فقط رام پور ہی میں نہیں، بلکہ لکھنؤ، بدایوں، آنولہ، بریلی، رامپور اور روہیل کھنڈ کے دیگر شہروں میں قیام کرکے پایہ تکمیل کو پہنچایا۔ اسی دورمیں قائم چاند پوری نے ’’مخزن ِنکات‘‘ لکھا، جس کا بڑا حصہ آنولہ اور رام پور میںنیز بقیہ دِلّی، اودھ اور شاہجہاں پور میں قیام کے وقت مکمل کیا ;یاد رکھیں کہ آنولہ بھی 1774تک ریاست رامپور کا حصہ تھا۔ یہ شہر درحقیقت ریاست رام پور کے بانی نواب فیض اللّہ خاں کے چھوٹے بھائی نواب محمد یار خاں کی جاگیر میں شامل تھا جو خود بھی بڑے بھائی کی طرح علم وادب کی سرپرستی میں ممتاز تھے۔ اُن کے دربار سے منسلک مشاہیرِ سخن میں مولوی قدرت اللّہ شوق، قائم چاند پوری اور غلام ہمدانی مصحفی جیسے بڑے نام شامل تھے۔ {یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ قائم کا یہ تذکرہ ہندوستان میں تذکرہ نگاری کی تیسری اینٹ تھا ;ماقبل میرؔ کا ’نکات الشعراء‘ 1751میں مکمل ہوکر دھوم مچا چکا تھا جبکہ اس کے تقریباً ڈیڑھ سال بعد ہی ’تذکرہ ریختہ گویاں‘ بزبان فارسی (یعنی اردو شعراء کا تذکرہ) بھی مرتب ہوگیا جس کے فاضل مؤلف کا نام تھا فتح علی الحسینی گردیزی، مگر ریختہ ڈاٹ آرگ پر موجود نسخے میں سن تالیف 1760لکھا گیا ہے}۔ یہاں ایک اور بات بتانی ضروری ہے: یہ دونوں تذکرے ریاست رام پور کے قیام سے پہلے کے ہیں، اس لیے رام پور کا اوّلین تذکرہ، مولوی غلام جیلانی رفعت کا تحریرکردہ ’’ہشت خلد‘‘ ہے۔ موصوف روہیل کھنڈ اور رامپور کے اُستاد شعراء میں شمار ہوتے تھے۔ عتیق جیلانی سالک نے لکھا کہ ’’نجو خاں ولد مستقیم خاں ولد کبیر خاں نے مولوی غلام جیلانی رفعت سے شعرائے اردو کا تذکرہ ہشت خلد مرتب کرانا شروع کیا، غلام جیلانی کی وفات ہوجانے سے کا م رک گیا۔ نجو خاں نے تسلیم (محمدکبیر خاں)، اکرم، عنبر، (عنبر شاہ آشفتہ و عنبر) جیسے علما و شعرا کی ذمے داری لگائی کہ تذکرہ مکمل کریں... جب خود نجوخاں جنگِ دو جوڑا 1796 میں شہید ہوگئے اور ان کے بھائی سپہ سالار سنّو خاں کو بھی نواب محمدیار خاں نے محاذ ِجنگ سے واپس بلا لیا تو انھوں نے اس تذکرے کو 1210ھ مطابق1796-1795 میں مکمل کیا‘‘۔ ’جامِ جمشید‘ (اصل نام تکملۃ الشعراء) ریاست رام پور میں لکھا جانے والا دوسرا تذکرہ ہے جس کے مؤلف مشہور شاعر مولوی قدرت اللہ شوق ؔ نے 1244ھ مطابق-1829 1828میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ اس کتاب میں عرب وعجم کے شعراء کے کلام و احوال فارسی زبان میں قلم بند کیے گئے ہیں۔ اوّل الذکر اور مؤخرالذکر دونوں وقیع تذکروں کے قلمی نسخے رامپور رضا لائبریری کی زینت ہیں۔ رام پور میں تیسرا تذکرہ ایک فرینچ کپتان جارج فانتوم، معالج نواب احمد علی خاں رندؔ کی تالیف ہے جس کا نام ’تذکرہ شعرائے رامپور‘ ہے اور یہ کتاب 1275ھ مطابق-1859 1858میں مکمل ہوئی، جبکہ فارسی اور اُردو پر یکساں عبور کے حامل فرینچ ڈاکٹر نے حسبِ روایت نثر فارسی میں لکھی اور نمونہ کلام اردو میں نقل کیا۔ اس کا اردو ترجمہ 2019 میں قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی (بھارت) نے شایع کیا۔ یہ ترجمہ ڈاکٹر مصباح احمد صدیقی کا کارنامہ ہے۔ کپتان فانتوم خود بھی شاعر تھے اور ’صاحب‘ اور ’جرجیس‘ تخلص کرتے تھے۔ خاکسار نے کوشش بہت کی، مگر کپتان کا احوال بزبان انگریزی یا فرینچ انٹرنیٹ پر دستیاب نہ ہوسکا۔ اندازہ ہے کہ فانتوم درحقیقت Phantom ہوگا۔ (جاری)
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل