Loading
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کا دن تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جب بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے کشمیری عوام کی شناخت، حقوق اور آزادی پر شب خون مارا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائی بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور ان کی قربانیوں، عزم اور جدوجہد کو سلام پیش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ہر فرد کشمیری عوام کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور موجودہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری تک، کشمیر ہمیشہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا مرکزی نقطہ رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کی خاموشی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ بھارتی غیر انسانی اقدامات کو تقویت دے رہا ہے جو قابلِ مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ اور انسانی حقوق کے عالمی ادارے بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل