Loading
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ روس میں آنے والے 8.8 شدت کے زلزلے کے بعد سونامی کی بلند لہروں نے عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق چند روز قبل روس میں 8.8 شدت کا شدید زلزلہ آیا جس کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے جبکہ مشرقی ساحل کمچٹکا کے سمندر میں لہریں چار چار فٹ تک بلند ہوئیں گئیں۔ روس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے، جاپان اور ہوائی میں بھی محسوس ہوئے اور وہاں بھی سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ دعویٰ زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر جہاز سے بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کر کے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ روس میں سمندری لہروں نے بلند و بالا عمارتوں وک اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ اس ویڈیو کو ’روس میں آج آنے والا سونامی جس کے مناظر آسمان کی بلندی سے ریکارڈ کیے گئے ہیں‘ کے عنوان سے شیئر کیا گیا تھا۔ یہ ویڈیو انٹرنیٹ پر بہت تیزی سے وائرل ہوئی اور معمول کے مطابق لوگوں نے یقین کر کے اسے بنا تصدیق کے آگے شیئر کرنا شروع کیا۔ حقیقت کیا ہے؟ خبررساں ادارے رائٹرز کی فیکٹ چیک ٹیم نے جب معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور باریک بینی سے جائزہ لیا تو یہ بات سامنے آئی کہ مذکورہ ویڈیو انٹرنیٹ پر 30 جولائی 2025 کو بھی شیئر کی جاچکی ہے جبکہ روس میں زلزلہ 31 جولائی کو آیا تھا۔ اس کے بعد یوٹیوب اور دیگر پلیٹ فارمز پر یہ ویڈیو 29 اپریل کو بھی شیئر کی گئی تھی۔ جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ 30 ہزار فٹ کی بلندی سے سونامی کی تباہ کاریاں نظر آرہی ہیں۔ اس ویڈیو کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں کیونکہ اسے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کر کے کئی ماہ پہلے انٹرنیٹ پر شیئر کیا گیا تھا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل