Monday, August 11, 2025
 

سندھ حکومت نے 13 اگست کے میوزیکل شو کی تیاریوں کو حتمی شکل دے دی

 



سندھ حکومت نے کراچی میں 13 اگست کو ہونے والے میوزیکل شو کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی۔ سندھ کے سینیئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر ایسٹ کے دفتر میں اہم اجلاس ہوا جس میں تقریب کی تیاریوں اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، سیکریٹری اطلاعات اور دیگر حکام شریک تھے۔ شرجیل میمن نے اجلاس میں ہدایت دی کہ خصوصی بچوں کے لیے خاص انتظامات کیے جائیں تاکہ انہیں براہِ راست نشستوں تک پہنچایا جا سکے، پیپلز پارٹی کی قیادت، وزیر اعلیٰ سندھ اور ہم ذاتی طور پر چاہتے ہیں کہ خصوصی بچے خاص طور پر اس جشن کا حصہ بنیں۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام تقاضے سختی سے پورے کیے جائیں، رینجرز کی زیادہ سے زیادہ نفری تعینات کی جائے تاکہ عوام پُرامن ماحول میں جشنِ آزادی کی تقریبات سے لطف اندوز ہو سکیں، 13 اگست کو ہونے والا گرینڈ شو عوام کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے یوم آزادی کا ایک تحفہ ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ کراچی کے شہری اور دیگر شرکاء ایک محفوظ، خوشگوار اور یادگار شام گزاریں اور اپنے وطن کی سالگرہ جوش و جذبے کے ساتھ منائیں۔  ڈپٹی کمشنر ایسٹ نے بریفنگ میں بتایا کہ شرکاء کے لیے 27 ہزار نشستوں کی گنجائش ہوگی جن میں سے 10 ہزار نشستیں فیملیز کے لیے مختص ہوں گی، خصوصی بچوں کے لئے تین بسیں مختص ہوں گی اور انہیں خصوصی انٹری پاسز دیے جائیں گے تاکہ ان کو براہِ راست نشستوں تک پہنچایا جا سکے۔ سکیورٹی افسران نے اجلاس میں بتایا کہ اسٹیڈیم میں دو حفاظتی سکیورٹی لئیرز ہوں گی، سکیورٹی پلان میں رینجرز اور پولیس کے ساتھ ساتھ اسکاؤٹس کی تعیناتی کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل