Loading
جشنِ آزادی کے سلسلے میں گورنر ہاؤس کراچی میں ’معرکۂ حق‘ کے عنوان سے شاندار آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جو رات 12 بج کر 55 منٹ پر شروع ہوا۔ اس موقع پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کے نمائندے بھی موجود تھے تاکہ اس تقریب کو عالمی ریکارڈ میں شامل کیا جا سکے۔ گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی زیرِ صدارت ہونے والی تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جہاں جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی آتشبازی کا اہتمام کیا گیا۔ گورنر ہاؤس میں ایشیا کا سب سے بڑا اسٹیج بھی تیار کیا گیا تھا، جس پر ملکی فنکاروں نے پرفارمنسز پیش کیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ بھارت نے اگر میلی آنکھ سے دیکھا تو یہی آتشبازی تمہارے لیے کافی ہوگی، ہم نے سب نے مل کر جشنِ آزادی کی تقریبات کو کامیاب بنایا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت کو بھی پتہ چل گیا کہ آتشبازی کس طرح آتش فشانی میں بدل سکتی ہے۔ عوامی گورنر کی وجہ سے گورنر ہاؤس کی قسمت بدل گئی ہے۔ ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق آتشبازی کے اس مظاہرے کو گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل کرانے کی کوشش کی گئی، جس کے لیے غیر ملکی نمائندے بھی موجود تھے۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے آتشبازی، روشنیوں اور فنکاروں کی پرفارمنسز سے بھرپور لطف اٹھایا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل