Sunday, August 17, 2025
 

پنجاب بھر میں شدید طوفانی بارشوں کا امکان، سیاحوں کو نقل و حمل محدود کرنے کا حکم

 



پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے، پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو نقل و حمل محدود کرنے کی ہدایت کردی۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون بارشوں کا ساتواں سلسلہ 23 اگست تک جاری رہے گا، اس دوران بالائی پنجاب راولپنڈی مری گلیات جہلم چکوال اور اٹک میں شدید طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشات ہیں۔ منڈی بہاوالدین، گوجرانولہ، حافظ آباد، وزیر آباد، لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں بارشیں ہوں گی۔ اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، بہاولپور، بہاولنگر، ڈی جی خان، ملتان، مظفرگڑھ، خانیوال، لودھراں، راجن پور، رحیم یار خان اور لیہ میں بھی شدید بارش کا امکان ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث دریاؤں کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے، دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، دریائے سندھ، راوی، جہلم، ستلج اور چناب کے بہاؤ میں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں  کالا باغ  چشمہ اور تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب جبکہ تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا اور سلیمانکی کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے اور دریاؤں و ندی نالوں کے اطراف دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے پنجاب پولیس کو دریاؤں ندی نالوں کے اطراف پیٹرولنگ بڑھانے اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری و گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔ سیکرٹری سیر و سیاحت، کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو جاری مراسلہ میں پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔ پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر سیاح محفوظ مقامات پر رہیں۔ پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کے داخلے کو مسلسل نوٹ کرنے اور مری ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹریفک کے بہاؤ کیلئے ٹریفک پولیس کو بھی تمام حساس مقامات پر الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو ممکنہ بارشوں اور فلیش فلڈنگ کے بارے آگاہی فراہم کی جائے۔ سیاح اور شہری پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل