Monday, August 18, 2025
 

کراچی؛ نشئی افراد کے ہاتھوں سریے کی چوری، ناتھا خان پل پر کئی فٹ چوڑا گڑھا پڑگیا

 



شہر قائد کی سب سے بڑی شارع فیصل پر قائم ناتھا خان پل ایک بار پھر نشئی افراد کے ہاتھوں سریے کی چوری کی وجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگیا، بیم ٹوٹنے سے کئی فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا، مرمتی کام شروع کر دیا گیا ہے تاہم ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے۔ تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں نشے کے عادی افراد کی جانب سے شہر کے انفرا اسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچایا جا رہا ہے، نشے کے عادی افراد نے شارع فیصل ناتھا خان پل کے بیم توڑ کر سریا چوری کر لیا، بیم ٹوٹنے سے شہر سے ایئر پورٹ کی جانب جانے والے ناتھا خان پل کی درمیانی لین بیٹھ گئی۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے متعلقہ ادارے کو اطلاع کر دی گئی جس پر کے ایم سی نے پیر سے ناتھا خان پل پر مرمتی کام کا آغاز کر دیا۔ کے ایم سی کی جانب سے شہر سے ایئر پورٹ کی جانب جانے والے ناتھا خان پل کے درمیان 8 فٹ چوڑا اور 15 فٹ لمبا گڑھا کر دیا گیا جس کے باعث ناتھا خان پل پر ٹریفک کی روانی متاثرہ ہوگئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث سخت گرمی میں ٹریفک جام میں پھنسے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مرمتی کام کرنے والے ٹھیکیدار کے مزدوروں نے بتایا کہ مرمتی کام کو مکمل کرنے میں 10 سے 15 دن لگ سکتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نشے کے عادی افراد ناتھا خان پل کے بیم کے اندر موجود 6سوت کا سریا کاٹ کر لے گئے ہیں جس کے باعث بیم کی سپورٹ ختم ہوگئی ہے اور بیم میں دراڑیں پڑ گئیں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جن بیم میں دراڑیں پڑی ہیں پہلے اسے تیار کیا جائے گا اس کے بعد سڑک تیار کی جائے گی۔ کے ایم سی کے ٹھیکیدار کے مزدور کا کہنا تھا کہ ناتھا خان پل کے تمام بیم نشے کے عادی افراد نے تباہ کر دیے ہیں، تمام بیموں سے سریا نکال لیا گیا ہے اور پل کا انفرا اسٹرکچر مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ پہلے 8 فٹ چوڑے اور 15 فٹ لمبے خانے کو تیار کیا جائے گا اور اس کے بعد ایک اور 8 فٹ چوڑے اور 15 فٹ لمبے خانے کو تیار کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نشے کے عادی افراد سرعام سریا کاٹ رہے ہوتے ہیں اور انہیں کوئی روکنے والا نہیں ہوتا، نہ ہی پولیس انہیں گرفتار کرتی ہے اور اگر کوئی عام شہری سریا کاٹ لے تو پولیس اسے گرفتار کرکے ساتھ لے جاتی ہے، پولیس کے سامنے کارروائی ہو رہی ہے جس کے باعث ناتھا خان پل نیچے سے پورا تباہ ہوگیا ہے۔ ایئرپورٹ ٹریفک سیکشن کے انچارج ایس او انسپکٹر ریحان زیب نے ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ ناتھا خان پل پر گڑھا پڑنے سے شام کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ ہوگا، شہریوں سے درخواست کے کہ وہ شام کے اوقات میں شارع فیصل پر آنے سے گریز کریں اور متبادل راستہ اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایئر پورٹ جانے والے شہری ملیر ایکسپریس وے استعمال کر سکتے ہیں جبکہ دیگر شہری کارساز روڈ اور ڈرگ روڈ راشد منہاس روڈ استعمال کرکے اپنی منزل تک پہنچ سکتے ہیں تاکہ ناتھا خان پل پر کم سے کم دباؤ ہو۔ انچارج ایئرپورٹ ٹریفک سیکشن نے بتایا کہ گڑھے کو بھرنے کے لیے 10 سے 15 دن لگ سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ ناتھا خان پل پر گڑھے پڑنے کی بنیادی وجہ نشئی افراد کی جانب سے ناتھا خان پل کے بیم اور پلروں سے سریے کاٹ کر یا چوری کرنا ہے جس کی وجہ سے بیم میں جھول پیدا ہوتا ہے اور سڑک بیٹھ جاتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل