Loading
اورنگی ٹاؤن میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے کپڑے کا کاروبار کرنے والے شہری کو فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی صبح اورنگی ٹاؤن تھانے کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13 ای شاداب گراؤنڈ کے قریب موٹرسائیکل سوارنامعلوم مسلح ملزمان نےاندھا دھند فائرنگ کرکے ایک شہری کوقتل کردیا اورموقع سے فرار ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اورلاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں مقتول کی شناخت 44 سالہ محمد نعیم ولد بشیرکے نام سے کی گئی، مقتول اورنگی ٹاؤن سیکٹر6 ایل بنارسی مارکیٹ کا رہائشی اورکپڑے کا کاروبارکرتا تھا۔ مقتول تین بچوں کو باپ تھا اورنگی ٹاؤن پولیس کے مطابق مقتول صبح تقریباً پونے آٹھ بجے کے قریب اپنے بیٹے علی کوعزیز ملت اسکول نزد شاداب گراؤنڈ چھوڑ کر واپس موٹرسائیکل پرگھرکی جانب جا رہا تھا کہ راستے میں شاداب گراؤنڈ کے قریب موٹرسائیکل سوار 2 نامعلوم ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے باعث مقتول موقع پرجاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق مقتول کو جسم پر چار گولیاں لگیں جو جان لیوا ثابت ہوئیں، پولیس کو جائے وقوع سے چلیدہ خول ملے ہیں جو پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول سے کوئی چھینا جھپٹی نہیں ہوئی، مقتول کے پاس اپنا موبائل فون، شناختی کارڈ اورموٹر سائیکل موجود تھی، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی شاخسانہ معلوم ہوتا ہے تاہم پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ فائرنگ کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی جس میں موٹرسائیکل سوار 2 ملزمان کو شہری کا تعاقب کرتے دیکھا جاسکتا ہے، ملزمان نے قریب پہنچتے ہی موٹرسائیکل سوار پر فائرنگ کردی فائرنگ سے شہری زخمی ہوکر موٹرسائیکل سمیت گرگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ فوٹیج میں واقعے کے بعد شہریوں کوجائے وقوعہ پرجمع ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، مقتول شہری نعیم کے اہلخانہ کا کہنا تھا ہم کاروباری لوگ ہیں، ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گولیاں لگنے سے بعد مقتول نعیم کافی دیرتک زمین پرتڑپتا رہا، ایمبولنس ڈرائیور نے کہا جب تک پولیس نہیں آتی وہ زخمی کو اسپتال لیکر روانہ نہیں ہوسکتا اس دوران نعیم دم توڑ گئے۔ انہوں نے بتایا کہ علاقے میں لوٹ مار کی وارداتیں عام ہیں، آئے روزشہری مسلح ڈکیتیوں کے ہاتھوں، موبائل فونز، نقدی، موٹرسائیکلوں سے محروم ہوتے رہتے ہیں لیکن شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، مقتول کے اہلخانہ نے اعلیٰ حکام سے انصاف فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل