Tuesday, September 09, 2025
 

آئی سی سی نے اگست کیلئے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا، پاکستانی کھلاڑی بھی شامل

 



آئی سی سی نے اگست 2025 کیلئے پلیئر آف دی منتھ کی نامزدگیوں کا اعلان کردیا۔ خواتین کی کیٹیگری میں پاکستان ویمن ٹیم کی وکٹ کیپر منیبہ علی بھی شارٹ لسٹ تین کھلاڑیوں میں شامل ہیں جنہوں نے گزشتہ ماہ آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا تھا۔  اوپنر منیبہ علی نے آئرلینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 68 گیندوں پر 100 رنز بنائے، جن میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ انکی دوسری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سنچری تھی جبکہ ویمنز ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی پاکستانی بیٹر کی دوسری سنچری ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ منیبہ علی نے اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری بھی 2023 کے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف ہی بنائی تھی۔ خواتین کی کیٹیگری میں شامل دیگر دو کھلاڑیوں میں آئرلینڈ کی آل راؤنڈر اورلا پرینڈرگاسٹ اور نیدرلینڈز کی آئرس زیولنگ شامل ہیں۔ آئرلینڈ کی آل راؤنڈر نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ کوالیفائر میں شاندار پرفارمنس دی۔ پرینڈرگاسٹ نے پاکستان کے خلاف 2-1 سے جیتی جانے والی سیریز میں بیٹ اور بال دونوں سے شاندار کارکردگی دکھائی۔ 23 سالہ کرکٹر سیریز کی سب سے کامیاب بیٹر رہیں، انہوں نے تین اننگز میں 144 رنز اسکور کیے جن میں دو نصف سنچریاں شامل تھیں۔ وہ آئرلینڈ کی سب سے کامیاب باؤلر بھی رہیں، تین میچوں میں چار وکٹیں حاصل کیں اور پلیئر آف دی سیریز قرار پائیں۔ دو طرفہ سیریز کی عمدہ کارکردگی کے بعد پرینڈرگاسٹ نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ یورپ کوالیفائر کے پانچ میچوں میں مزید 100 رنز اور تین وکٹیں اپنے نام کیں۔ مردوں کی کیٹیگری:  مردوں کی کیٹیگری میں بھارتی فاسٹ بولر محمد سراج، نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر میٹ ہینری اور ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جیڈن سیلز کو پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ محمد سراج (بھارت) نے انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ میں شاندار بولنگ کرتے ہوئے 9 وکٹیں حاصل کیں اور بھارت کو سیریز برابر کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔ میک ہنری (نیوزی لینڈ) نے زمبابوے کے خلاف 2 ٹیسٹ میں 16 وکٹیں لے کر ٹیم کو اننگز اور 359 رنز سے تاریخی کامیابی دلائی۔ جےڈن سیلز (ویسٹ انڈیز) نے پاکستان کے خلاف 34 سال بعد ون ڈے سیریز جتوانے میں کلیدی کردار ادا کیا، انہوں نے تین میچوں میں 10 وکٹیں حاصل کیں جن میں کیریئر کی بہترین بولنگ 6/18 شامل ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل