Loading
کورنگی نمبر 5 میمن انسٹیٹیوٹ کے قریب تیز رفتار کوسٹر نے دو کمسن موٹرسائیکل سواروں کو کچل دیا۔ ریسکیو حکام کے مطابق کورنگی نمبر 5 میں میمن انسٹیٹوٹ کے قریب ٹریفک حادثے میں دو کم سن موٹر سائیکل سوار جاں بحق اور تیسرا زخمی ہوگیا، حادثہ کوسٹر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں پیش آیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق موٹر سائیکل سوار لڑکوں کی شناخت 14 سالہ مدثر اور 13 سالہ ایان کے نام سے ہوئی، حادثے میں 16 سالہ رافع زخمی ہوا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لواحقین جناح اسپتال پہنچے جہاں انہوں نے بتایا کہ بچے بغیر بتائے گھر سے موٹر سائیکل لے کر نکلے تھے۔ افسوس ناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے مدثر تین بہن بھائیوں میں سے سب سے چھوٹا تھا اور موٹر سائیکل چلانے والا ایان پانچ بہن بھائیوں میں تیسرے نمبر پر تھا، دونوں بچے قرآن کریم حفظ کررہے تھے۔ لواحقین نے بتایا کہ دونوں بچوں کا تکمیل قرآن قریب تھا۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار کوسٹر موٹرسائیکل سواروں پر چڑھ دوڑی۔ ایس ایس پی کورنگی طارق نواز نے بتایا کہ حادثے کے ذمہ دار کوسٹر ڈرائیور کے پاس ڈرائیونگ لائسنس نہیں ہے، واقعے کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل