Friday, November 21, 2025
 

شوہر نے سسرالیوں کے ساتھ مل کر بیوی کو تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا

 



چشتیاں میں 19 سالہ مہناز بی بی کو مبینہ طور پر تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر قتل کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے ڈی پی او بہاول نگر سے واقعے کی مکمل اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔ سسرال کی جانب سے واقعے کو طبعی موت ظاہر کرنے کی کوشش، گردن پر پھندے اور جسم پر تشدد کے نشانات سامنے آگئے۔ والد کی مدعیت میں تھانہ صدر چشتیاں میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا جس میں شوہر، سسر اور دیور سمیت مرکزی ملزمان کو نامزد کیا گیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تین مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ حنا پرویز بٹ نے کہا کہ خواتین پر تشدد اور جان لیوا حملے کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے، ہر مجرم کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ عورت کے کردار پر شک کو جواز بنا کر تشدد اور قتل کرنے والوں کے لیے پنجاب میں زیرو ٹالرنس کی پالیسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حساس مقدمات میں شفاف، میرٹ پر مبنی اور بغیر کسی دباؤ کے تفتیش یقینی بنائی جائے گی۔ متاثرہ خاندان کو مکمل قانونی معاونت فراہم کی جائے گی، انہیں ہرگز اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ کا کہنا تھا کہ خواتین کی جان و مال کا تحفظ ریاست اور اداروں کی اولین ذمہ داری ہے، اس ذمہ داری سے کوئی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔ خواتین کے لیے محفوظ پنجاب ہمارا عزم ہے، ہر بیٹی کے لیے انصاف اور تحفظ یقینی بنائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل