Thursday, December 18, 2025
 

وائٹ ہاؤس کے پردے کے پیچھے کیا ہوتا رہا؟ میلانیا ٹرمپ کی نئی ڈاکیومنٹری فلم کا ٹریلر جاری

 



امریکی خاتونِ اول اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ پر بننے والی دستاویزی فلم ’میلانیا‘ کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔ فلم میں میلانیا ٹرمپ اپنی ذاتی زندگی، اہم فیصلوں اور وائٹ ہاؤس میں گزارے گئے تجربات پر کھل کر گفتگو کرتی نظر آئیں گی۔ ٹریلر میلانیا ٹرمپ نے خود اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔ ٹریلر میں انہیں وائٹ ہاؤس میں گھومتے ہوئے، ایئر فورس ون میں سفر کرتے، مختلف تقریبات میں شرکت کرتے اور عوامی و نجی لمحات میں دکھایا گیا ہے۔ فلم سے متعلق فلمی معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم آئی ایم ڈی بی کے مطابق یہ دستاویزی فلم ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری صدارتی حلف برداری سے قبل کے 20 دنوں پر مشتمل ہے، جس میں انتخابی مہم کے بعد کے جذباتی لمحات اور ٹرمپ خاندان کی نجی سرگرمیوں کو بھی دکھایا گیا ہے۔ یہ فلم میلانیا ٹرمپ کی نئی پروڈکشن کمپنی ’میوز فلمز‘ کے تحت تیار کی گئی ہے جبکہ اس کے ہدایت کار معروف ہالی ووڈ ڈائریکٹر بریٹ ریٹنر ہیں، جو طویل وقفے کے بعد فلمی دنیا میں واپس آئے ہیں۔ ایمازون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے اس فلم کے حقوق تقریباً 40 ملین ڈالر میں حاصل کیے ہیں، جو کسی بھی دستاویزی فلم کے لیے ایک بڑی اور مہنگی ڈیل سمجھی جا رہی ہے۔ دستاویزی فلم 30 جنوری 2026 کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی، جس کے بعد اسے ایمازون پرائم ویڈیو پر اسٹریمنگ کے لیے بھی پیش کیا جائے گا۔ MELANIA, the film, exclusively in theaters worldwide on January 30th, 2026. pic.twitter.com/n2kloQ4JwW — MELANIA TRUMP (@MELANIATRUMP) December 17, 2025 واضح رہے کہ اس سے قبل میلانیا ٹرمپ کی خود نوشت کتاب ’Melania‘ شائع ہو چکی ہے، جو نیویارک ٹائمز کی بیسٹ سیلر فہرست میں شامل رہی، اور یہ فلم اسی کتاب کا بصری تسلسل سمجھی جا رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل