Loading
یورپ بھر میں ہزاروں مسافر مشکلات کا شکار ہو گئے جب یونان کی فضائی حدود میں اچانک تکنیکی خرابی کے باعث پروازوں کا نظام شدید متاثر ہوا۔
ریڈیو فریکوئنسی نظام میں خرابی کے باعث یونان کے بیشتر ہوائی اڈوں پر فضائی ٹریفک کئی گھنٹوں تک معطل رہی، جس سے تعطیلات کے اختتامی دنوں میں سفر کرنے والے ہزاروں افراد پھنس گئے۔
یونانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق صبح کے وقت شروع ہونے والی خرابی نے جلد ہی بڑے پیمانے پر اثر ڈالا، جس کے باعث ہوائی اڈوں پر آپریشن تقریباً مکمل طور پر رک گیا۔
اگرچہ یونان اور خطے کی فضائی حدود سے گزرنے والی کچھ پروازوں کو محدود اجازت دی گئی، تاہم بیشتر پروازیں منسوخ یا تاخیر کا شکار رہیں۔
حکام کے مطابق دوپہر کے بعد پائلٹس نے بیک اپ فریکوئنسیز استعمال کرنا شروع کیں، جس کے بعد جزوی طور پر فضائی آمد و رفت بحال ہوئی۔ تاہم اتوار کی شام تک بھی حکام خرابی کی اصل وجہ معلوم نہ کر سکے۔
ایئر ٹریفک کنٹرولرز کا کہنا ہے کہ اچانک تمام اہم فریکوئنسیز بند ہو گئیں جس کے باعث فضا میں موجود طیاروں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔
یونانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی تنظیم نے واقعے کو فضائی نظام کے لیے غیر معمولی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں استعمال ہونے والا تکنیکی سامان انتہائی پرانا ہے اور اس مسئلے کی نشاندہی ماضی میں کئی بار کی جا چکی ہے۔ حکام کے مطابق شام تک فی گھنٹہ روانہ ہونے والی پروازوں کی تعداد 45 تک پہنچا دی گئی۔
دوسری جانب روس کے دارالحکومت ماسکو میں بھی صورتحال کشیدہ رہی، جہاں یوکرین کی جانب سے ڈرون حملوں کے خدشے کے باعث ماسکو کے چار میں سے تین ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا۔
روسی حکام کے مطابق حفاظتی اقدامات کے تحت یہ پابندیاں لگائی گئیں، جس کے بعد کچھ ہی دیر میں ہوائی اڈے جزوی طور پر دوبارہ کھول دیے گئے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل