Loading
بنگلادیش نے پیٹرولیم مصنوعات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور توانائی بحران کے باعث ملک بھر کی تمام سرکاری اور نجی یونیورسٹیاں عید تک بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق بنگلادیشی حکام کا کہنا ہے کہ حکومت نے عید کی تعطیلات وقت سے پہلے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت آج سے ملک بھر کی یونیورسٹیاں بند رہیں گی۔
حکومت کے مطابق یہ فیصلہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور توانائی بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ملک میں بجلی اور ایندھن کی بچت کی جا سکے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کی کھپت میں کمی آئے گی بلکہ ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہوگا، جس کے نتیجے میں ایندھن کے ضیاع کو بھی کم کیا جا سکے گا۔
ان کے مطابق یونیورسٹی کیمپس، طلبہ کے ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز اور ایئر کنڈیشننگ کے استعمال کی وجہ سے بڑی مقدار میں بجلی خرچ ہوتی ہے، اس لیے قبل از وقت تعطیلات سے قومی بجلی نظام پر بوجھ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
واضح رہے کہ بنگلادیش میں رمضان کے دوران سرکاری اور نجی اسکول پہلے ہی بند ہیں، جبکہ اب یونیورسٹیاں بھی عید تک بند رہیں گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل