Tuesday, March 10, 2026
 

ایران کی نئی قیادت کو بھی مار دیں گے، ٹرمپ کی دھمکی

 



امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن ارکان کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف انتہائی سخت اور جارحانہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران میں جو بھی نئی قیادت سامنے آئی اسے مار دیا گیا اور آئندہ آنے والی قیادت کو بھی مار دیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل مل کر ایران کے خلاف بڑے فوجی آپریشنز کر رہے ہیں اور ایرانی عسکری صلاحیت کو شدید نقصان پہنچایا جا چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی افواج نے ایران کے پانچ ہزار اہداف کو نشانہ بنایا اور ایرانی بحریہ کے 51 جنگی جہاز تباہ کر دیے گئے ہیں۔ امریکی صدر کے مطابق ایرانی بحری جہاز اب سمندر کی تہہ میں موجود ہیں جبکہ ایران کی ڈرون اور میزائل صلاحیت بھی بڑی حد تک تباہ کر دی گئی ہے۔ ٹرمپ نے کہا کہ اگر امریکا نے یہ آپریشن نہ کیا ہوتا تو ایران دو ہفتوں کے اندر ایٹم بم حاصل کر لیتا جو دنیا کے لیے انتہائی خطرناک صورتحال ہوتی۔ ٹرمپ نے کہا کہ دنیا اس وقت ایک بڑے اور مشکل فوجی آپریشن “ایپک فیوری” کو دیکھ رہی ہے جو ان کے بقول آپریشن مڈنائٹ ہیمر سے بھی زیادہ مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔ اپنے خطاب میں امریکی صدر نے کہا کہ انہوں نے اپنی پہلی مدت میں امریکی فوج کو مضبوط بنانے پر کام کیا جبکہ دوسری مدت میں اس طاقت کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی فوج دنیا کی سب سے بہترین اور طاقتور فوج ہے اور اب پوری دنیا کو اس کا اندازہ ہو چکا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اب پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط اور بااثر ہو چکا ہے اور ہم تیزی سے امریکا کو دوبارہ عظیم بنا رہے ہیں۔ انہوں نے سابق صدر جو بائیڈن کے دور کا حوالہ دیتے ہوئے افغانستان سے امریکی انخلا کو امریکی تاریخ کا شرمناک مرحلہ قرار دیا اور کہا کہ اس فیصلے نے امریکا کی ساکھ کو نقصان پہنچایا تھا تاہم اب دنیا پہلے سے کہیں زیادہ امریکا کی عزت کر رہی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل