Thursday, March 12, 2026
 

شیخ رشید کی عمرہ روانگی سے متعلق کیس میں عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا

 



سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی عمرہ روانگی سے متعلق انٹرا کورٹ اپیل پر لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں اپیل کی سماعت ڈویژن بینچ جسٹس جواد حسن اور جسٹس طارق محمود باجوہ نے کی۔ سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مؤقف اختیار کیا کہ جی ایچ کیو حملہ کیس کے باعث شیخ رشید کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈالا گیا ہے۔ عدالت عمرہ جانے سے متعلق سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ دوران سماعت پٹیشنر کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ آئین کا آرٹیکل 15 ہر شہری کو آزادانہ نقل و حرکت اور بیرون ملک سفر کا حق دیتا ہے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ ماضی میں ٹرائل کے باوجود کئی افراد کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے چکی ہے۔ اس موقع پر عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ شیخ رشید نے عدالتی رعایت کا ناجائز فائدہ نہیں اٹھایا۔ جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ معاملہ ٹرائل کورٹ کو واپس کیوں نہ بھیج دیا جائے۔ پٹیشنر کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ ٹرائل کورٹ کو اسٹاپ لسٹ سے نام نکالنے کا اختیار حاصل نہیں ہے۔ جس پر دلائل مکمل ہونے کے بعد لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل