Loading
پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے تیسرے انجیکشن لگانے کے حوالے سے پارٹی اور خاندان کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، بانی کو خفیہ طریقے سے رات کی تاریکی میں کسی کو بتائے بغیر اسپتال منتقل کیا گیا۔
گورکھپور ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا موقف واضح ہے جب تک فیملی اور ذاتی معالج کو رسائی نہیں ملتی کوئی بھی طریقہ قابل قبول نہیں، سہیل آفریدی نے بانی کی رہائی تحریک کا اعلان کیا ہوا ہے، بانی نے سارا اختیار محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر کو دیا ہے، ہم نے تمام معاملات کو فرصت سے آگے لے کر چلنا ہے، تحریک کا مقصد یہ نہیں ہم کسی مخصوص چوک کی طرف آئیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک ایک ہمہ جہتی عمل کا نام ہے، ہماری تحریک پورے ملک کی تحریک ہے، لوگ بانی کے ساتھ کھڑے ہیں ہم عوام کو ساتھ لے کر چلیں گے، مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال پر کوئی بات کرنا قبل از وقت ہے، وائٹ ہاؤس سے جو بات سامنے آئی ایران نے اسے انکار کیا ہے، ابھی ہمیں کچھ معلوم نہیں کہ اصل صورتحال کیا ہے، ہمارا اصولی موقف ہے ایک پروقار طریقے سے امن ہو۔
سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ایران کے جو جائز مطالبات اور حقوق ہیں ان کو مانا جانا چاہیے، ہم چاہتے ہیں خطے میں مسلمان ممالک کو تحفظ حاصل ہو فلسطینیوں کو ان کا حق ملے، عوام سے دوری ملک پر قابض قوتوں نے پیدا کی ہے، عوام ایک طرف ہیں ریاست پر مسلط قوتیں دوسری طرف ہیں، جب تک عوام کو ان کے لیڈر کو ساتھ نہیں ملائیں گے تب تک امن کی فضا قائم نہیں ہوسکتی، پاکستان میں آئین اور قانون کی پامالی آج کی بات نہیں، ہم پچھلے تین سال سے آئین کی بالادستی کے لیے کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں اس ملک کے الیکشن پر حملہ ہوا ہے، ہم امت مسلمہ کی وحدت کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم پاکستان کی معاشی ترقی کو ناگزیر سمجھتے ہیں، عدالتیں ہمارے لیے عملاً بند ہیں، ہم نے ہر عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا اور کھٹکھٹاتے رہیں گے۔
ہمیں عدالتوں سے کوئی امید نہیں لیکن ہم عدلیہ کی بحالی کے علمبردار ہیں، یہ پوری قوم کا فریضہ ہے وہ اپنے حقوق بحال کرائے، ہم ایک پرامن جماعت ہیں اور پرامن احتجاج سے اپنے حقوق حاصل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے اپوزیشن لیڈر سے کوئی ملاقات نہیں کی، بہت سے مواقع آئے جب محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر سے ملاقات ہوسکتی تھی، دانستہ طور پر یہ ملاقات نہیں کی گئی، فارم 47 کی حکومت کی خواہش ہے نفاق قائم رہے، حکومت کی روش کے خلاف ہم کھڑے ہیں، احتجاج آواز بلند کرنے کا نام ہے ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل