Tuesday, April 21, 2026
 

کراچی میں 3 روز قبل گھر کے قریب سے لاپتہ ہونے والے ڈھائی سالہ بچے کی نالے سے لاش برآمد

 



کیماڑی سے 3 روز قبل لاپتہ ہونے والے کمسن مغوی بچے کی لاش ڈاکس کے قریب نالے سے برآمد ہوئی ہے، جیکسن پولیس نے بچے کے اغوا کا مقدمہ درج کیا تھا ، بچے کے والد نے بیٹے کی لاش ملنے کے واقعے کو قتل قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کیماڑی ڈاکس کالونی گلی نمبر 7 فاروق اعظم مسجد کے قریب نالے سے کمسن بچے کی لاش ملی جس کی اطلاع ملتے ہی ایدھی کے رضا کار اور پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ جیکسن پولیس نے کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا جس نے شواہد حاصل کرنے کے بعد بچے کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دی۔ ایس ایچ او جیکسن عنایت اللہ مروت نے بتایا کہ بچے کی شناخت ڈھائی سالہ صلاح الدین ولد عثمان کے نام سے کی گئی جو کہ 19 اپریل کو گھر کے باہر سے لاپتہ ہوگیا تھا جس کے اغوا کا مقدمہ درج کیا گیا تھا تاہم بچے کی لاش مل گئی۔ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ قتل کا معلوم ہوتا ہے جسے نامعلوم ملزمان نے اغوا کے بعد مبینہ طور پر مذکورہ مقام پر نالے میں پھینک دیا تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد بچے کی وجہ موت کا تعین ہو سکے گا اور اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔ لاپتہ ہونے والے بچے کے والد عثمان نے بتایا کہ میری بھتیجی بیٹے کو بسکٹ دلانے کے لیے لیکر گئی تھی اور اسے سڑک کے کنارے فٹ پاتھ پر بیٹھا کر سڑک عبور کر کے پرچون کی دکان گئی اور جب واپس پلٹی تو میرا چھوٹا بیٹا غائب تھا۔ انھوں نے بتایا کہ وہ ڈاکس کالونی گلی نمبر ایک میں رہتے ہیں اور بچے کی لاش گلی نمبر 7 کے قریب نالے سے ملی جو کہ اس مقام سے ڈیڑھ سے 2 کلو میٹر دور ہے جہاں بچے کو بھتیجی بیٹھا کر بسکٹ خریدنے گئی تھی۔  انھوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ واقعہ اغوا کے بعد قتل کا ہے اور اس حوالے سے پولیس تفتیش کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ میری تو کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے پتہ نہیں میرے لخت جگر کو کس نے اور کیوں مجھ سے چھین لیا۔ متاثرہ والد نے مزید بتایا کہ صلاح الدین ان کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا، پولیس کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ ہے کہ واقعے میں ملوث عناصر کا فوری طور پر سراغ لگایا جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل