Monday, May 04, 2026
 

سندھ ہائیکورٹ نے ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر سروس کو بھی پنشن کیلئے قابل شمار قرار دے دیا

 



سندھ ہائیکورٹ نے سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازمین کی مدت ملازمت سے متعلق کیس میں ڈیلی ویجز اور عارضی بنیادوں پر سروس کو بھی پینشن کیلئے قابل شمار قرار دے دیا۔ جسٹس عدنان الکریم میمن کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے فیصلہ سنادیا، عدالت نے سول ایوی ایشن کے دفتری احکامات کالعدم قرار دے دیے۔ درخواست گزاروں کو تمام واجبات کی ادائیگی دو ماہ میں کرنے کا حکم دے دیا۔ وکیل درخواست گزار کے مطابق درخواست گزاروں کو 1998 سے 2001 کے دوران ڈیلی ویجز پر سی اے اے میں کام شروع کیا، 2009 میں درخواست گزاروں کو مستقل کردیا گیا، درخواست گزاروں کی ریٹائرمنٹ کے بعد سابقہ سروس کو پینشن میں شامل نہیں کیا گیا، اعلیٰ عدالتیں واضح کرچکی ہیں کہ مستقل ملازمت کے بعد سابقہ سروس کو پیشن کے لئے شمار کرنا لازم ہے۔ سول ایوی ایشن کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزار ابتدا میں تھرڈ پارٹی کانٹریکٹ ملازم تھے، تھرڈ پارٹی کانٹریکٹ ملازمین کی سروس کو پینشن کے لئے شمار نہیں کیا جاسکتا۔درخواست گزاروں نے مستقل تقرری کے وقت سابقہ سروس کو شامل نا کرنے کی شرائط کو تسلیم کیا تھا۔ عدالت نے کہا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد پینشن ملازمین کا حق ہے، سی اے اے قواعد کے مطابق ملازم کی عارضی سروس بغیر کسی وقفے کے مستقل ہوجائے تو وہ سروس پینشن کے لئے شمار ہوگی، درخواست گزاروں کی سابقہ سروس کو نظر انداز کرنا غیر قانونی ہے۔ عدالت نے کہا کہ کسی انتظامی شرائط کے ذریعے ملازمین کے حق کو ختم نہیں کیا جاسکتا، درخواست گزاروں کی مکمل سروس کے مطابق پینشن واجبات کا ازسر نو حساب لگایا جائے، درخواست گزاروں کو تمام واجبات کی ادائیگی دو ماہ میں کی جائے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل