Monday, May 04, 2026
 

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کا شاندار آغاز، پہلے ون ڈے میں زمبابوے کو 331 رنز کا ہدف دے دیا

 



پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا اور مہمان ٹیم کو جیت کے لیے 331 رنز کا ہدف دے دیا۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تین میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان ویمن ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 330 رنز اسکور کیے۔ اوپنرز گل فیروزہ اور صدف شمس نے 162 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔ گل فیروزہ نے 60 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 50 رنز بنائے جبکہ صدف شمس سنچری سے محض 2 رنز کی کمی سے محروم رہیں، انہوں نے 130 گیندوں پر 17 چوکوں کی مدد سے 98 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ مڈل آرڈر میں سدرہ امین نے ناقابل شکست 67 رنز بنا کر ٹیم کے اسکور میں اہم اضافہ کیا۔ ان کے علاوہ نجیہ علوی نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 56 رنز اسکور کیے جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے مختصر مگر مؤثر اننگ کھیلتے ہوئے 11 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے پریشس سرانگی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، تاہم مہمان ٹیم کی فیلڈنگ ناقص رہی اور کئی اہم کیچز بھی چھوڑے گئے۔ پاکستان کے بڑے ہدف کے بعد اب زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کو میچ جیتنے کے لیے 331 کا ہندسہ عبور کرنا ہوگا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل